مصنف عبدالقوی دسنوی کو گوگل کا خراج

نئی دہلی۔یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے آج اردو مصنف، نقاد اور ماہر لسانیات عبدالقوی دسنوی کو ان کے 87 ویں یوم پیدائش پر خصوصی ڈوڈل پیش کرتے ہوئے خراج ادا کیا۔ عبدالقوی جو بہار کے ضلع نلندا کے موضع دسنا میں پیدا ہوئے تھے، ان کا انتقال 7 جولائی 2011 کو بھوپال میں ہوا جہاں انہوں نے اپنی زندگی گزاری۔ گیسٹ آرٹسٹ پربھا مالیہ کے ڈیزائن والا گوگل ’ہوم پیچ ‘ چشمہ لگائے اسکالر کی جھلک دکھاتا ہے اور انہیں سیاہ رنگ کی شیروانی میں ملبوث بتایا گیا۔ انہوں نے اردو ادب کے ہندوستان میں فروغ میں نمایاں رول ادا کیا۔ ان کی تحریری تخلیقات میں سوانح حیات پر مبنی ’’حیات ابوالکلام آزاد‘‘ شامل ہے، جس میں ہندوستان کے اولین وزیر تعلیم اور مجاہد آزادی مولانا سید ابوالکلام غلام محی الدین احمد آزاد المعروف مولانا آزاد کی زندگی پر روشنی ڈالتی ہے۔ ان کی دیگر بڑی تصنیفات میں ’’اجنبی شہر‘‘، ’’علامہ اقبال بھوپال میں‘‘، ’’اردو شاعری کی گیارہ آوازیں‘‘ و دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے بھوپال کے سیفیہ کالج میں پروفیسر و صدر شعبہ اردو کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور 1990ء میں اپنی سبکدوشی کے بعد بھی کئی اعزازی عہدوں پر فائز رہے۔