واشنگٹن۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ مشیل صدارتی عہدہ کیلئے کبھی انتخابی میدان میں نہیں اُتریں گی۔ انہوں نے امریکی عوام کے ساتھ مشیل کے دوستانہ روابط کو لاجواب قرار دیا اور زبردست ستائش کی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ یہ بیان اوباما نے ری پبلیکن ڈونالڈ ٹرمپ کی حیرت انگیز کامیابی کے بعد دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ مشیل ایک باصلاحیت خاتون ہیں اور ان کی صلاحیتوں کا جتنا علم ان کو (اوباما) ہے اور کسی کو نہیں۔ انہوں نے امریکی عوام کے ساتھ جو لاجواب دوستانہ روابط پیدا کئے۔ میں نہیں سمجھتا کہ ماضی میں کسی بھی خاتون اول نے ایسا کیا ہو۔ وہ سب کے ساتھ گھل مل جانے میں یقین رکھتی ہیں، خصوصی طور پر بچوں کے ساتھ۔ اوباما نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ وہ سیاست داخلہ کیلئے سنجیدہ ہیں۔ رولنگ اسٹون نے اوباما کے حوالے سے یہ بات کہی۔ اوباما اکثر و بیشتر یہی کہتے رہے ہیں کہ مشیل کو سیاسی کیریئر بنانے میں کبھی دلچسپی نہیں رہی تاہم ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ انہوں نے مشیل پر کوئی تبصرہ کیا ہو، جن کی وجہ صدارتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کے ہاتھوں ہلاری کلنٹن کی شکست بتائی جارہی ہے۔ ڈیموکریٹس کا کثیر تعداد کو یہی توقع ہے کہ 52 سالہ میشل کو مستقبل میں سیاست سے جڑنے کے لئے آمادہ کیا جاسکتا ہے جس کے لئے گزشتہ ماہ تین پالیٹیکل ایکشن کمیٹیاں بھی تشکیل دی جاچکی ہیں۔ مشیل کو اس بات کے لئے آمادہ کریں گی کہ وہ 2020ء کے صدارتی انتخابات میں اس وقت اپنی پہلی میعاد چوری کرنے والے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو چیلنج کریں۔