مشن بھاگیرتا کی تعمیرات کو مقررہ وقت میں تکمیل کی ہدایت

فنڈز کی کوئی قلت نہیں ، عہدیداروں کے اجلاس سے چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد ۔ /24 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے تمام محکمہ جات کو ایک دوسرے سے تال میل برقرار رکھتے ہوئے مقررہ وقت میں مشن بھاگیرتا کی تعمیرات کو مکمل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ حکومت کے پاس فنڈز کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ مختلف مالیاتی اداروں نے مشن بھاگیرتا کیلئے 30 ہزار کروڑ روپئے قرض دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں مشن بھاگیرتا کی تعمیراتی کاموں کا جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ نشانہ کو مقررہ وقت پر عبور کرنے کیلئے دن رات محنت کرنے والے عہدیداروں کی ستائش کی ۔ انٹک ویلس ۔ ووٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس ، پائیپ لائن ، برقی سب اسٹیشن کے بشمول دوسرے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ تعمیراتی کاموں کے دوران پیش آنے والے مسائل کو حل کرنے کیلئے عہدیداروں کو مشورے بھی دیئے ۔ اس موقع پر چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ ایس پی سنگھ نائب صدرنشین مشن بھاگیرتا وی سریکانت ریڈی ، رکن اسمبلی سی دھرما ریڈی ، رکن قانون ساز کونسل سرینواس ریڈی ، صدرنشین ایم ڈی سی ایس سبھاش ریڈی ، آئی این سی سرینواس ریڈی جینکو منیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راؤ ، ایس پی ڈی سی ایل ، این پی ڈی سی ایل کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مشن بھاگیرتا کیلئے برقی بہت ضروری ہے ۔ برقی سب اسٹیشن کی تعمیرات ، پائپ لائن بچھانے کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ انٹک ویلس ، ڈبلیو ٹی پی کو برقی سربراہ کرنے پر زور دیا ۔ پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے بلاوقفہ برقی سربراہ کرنے کے اقدامات کی ہدایت دی ۔ کے سی آر نے کہا کہ مشن بھاگیرتا کیلئے فنڈز کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ مختلف مالیاتی اداروں نے ریاست کو 30 ہزار کروڑ روپئے قرض دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ کاموں میں تیزی اور مقررہ وقت پر پراجکٹ کی تکمیل کیلئے دن رات محنت کرنے پر زور دیا ۔