مشرق وسطی میں امن کیلئے کام کرنے ایران پر پوپ کا زور

صدر ایران حسن روحانی کا پہلی مرتبہ دورہ ویٹکن ، پوپ فرانسیس کا اظہار تشکر
ویٹکٹن سٹی ۔ /26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پوپ فرانسیس نے آج ایران سے کہا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کی حمایت کریں ۔ جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران پر سے حال ہی میں معاشی تحدیدات ہٹالئے گئے ہیں ۔ اب تک بین الاقوامی سطح پر یکا وتنہا رہنے والے ایران کو معاشی راحت ملی ہے ۔ صدر ایران حسن روحانی نے پہلی مرتبہ ویٹکن کا دورہ کیا ۔ ایران کے نیوکلیر پروگرام پر عائد کردہ بین الاقوامی تحدیدات کی برخواستگی کے بعد روحانی نے ویٹکن پہونچ کر یہاں40 منٹ گزارے ۔ انہوں نے پوپ فرانسیس سے خانگی طور پر بات چیت کی ۔ پوپ فرانسیس تہران کے ساتھ معاہدہ کے پرزور حامی ہیں۔ اس ملاقات کے بعد جاری کردہ بیان میں ویٹکن نے کہا کہ پوپ فرانسیس نے ایرانی لیڈر پر زور دیا کہ وہ امن کو فروغ دینے کیلئے اہم رول ادا کریں ۔ دیگر ملکوں کے ساتھ ملکر سیاسی حل تلاش کریں تاکہ اس خطہ میں جاری بدامنی کی کیفیت دور کی جاسکے ۔ دہشت گردی سے نمٹنے اور اسلحہ کی غیرقانونی منتقلی کو روکنے کیلئے ایران کا تعاون ضروری ہے ۔ پوپ فرانسیس نے ایران کے صدر سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے ویٹکن کا دورہ کیا ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ قیام امن کی کوششوں میں ایران کا تعاون رہے گا ۔ آپ سے ملاقات کرکے مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے ۔ چہرہ پر تبسم کے ساتھ صدر ایران نے پوپ فرانسیس کو ہاتھ سے تیار کردہ قالین تحفہ میں پیش کیا ۔ صدر ایران کا یہ پہلا سرکاری دورہ ویٹکن تھا ۔ حسن روحانی اٹلی اور فرانس کے پانچ روزہ دورہ پر ہیں ۔