مسلم راشٹریہ منچ کی تحفظ ِگائے کیلئے عید پر بیداری مہم

کشمیر سے کنیاری کماری اور پھر امرتسر تک طویل مارچ کا پروگرام، افطار میں گائے کے دودھ کی سربراہی

کولکاتہ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس سے ملحق مسلم راشٹریہ منچ (ایم آر ایم) عیدالفطر سے ایک روز قبل کشمیر سے کنیا کماری اور امرتسر سے پدیاترا شروع کرے گا تاکہ مسلمانوں کو قرآن کے بعض حصوں کے بارے میں بیدار کیا جائے۔ جن کے تعلق سے منچ کا دعویٰ ہے کہ اُنھیں متواتر نظرانداز کیا جاتا رہا اور اُن کی غلط تشریح کی جاتی رہی ہے۔ پدیاترا کے تحت دو مرحلوں میں 12 ہزار کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا۔ اِس یاترا کا مقصد قرآن اور حدیث کی آر ایس ایس کے طریقہ سے ازسرنو تشریح کرنا ہے۔ منچ کے کئی حامی اِس یاترا میں شامل ہونے کی توقع ہے جبکہ یہ شہروں اور قصبات سے گزرے گی۔ یہ یاترا لیہہ سے شروع ہوگی اور پہلے مرحلہ میں کنیا کماری میں اختتام پذیر ہوگی۔ دوسرے مرحلہ میں یہ کنیا کماری سے شروع ہوکر امرتسر میں ختم ہوگی۔ اِس مارچ کا اہتمام مسلمانوں میں بیداری پیدا کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے کہ دیگر برادریوں کے مذہبی جذبات کا بھی احترام کیا کریں۔ قرآن میں ہے کہ مسلمانوں کو پڑوسیوں کے مذہبی جذبات کو مجروح نہیں کرنا چاہئے اور جو لوگ ایسا کرتے ہیں وہ مسلمان نہیں ہیں۔ اِس طرح قرآن میں بعض باتیں ہیں جن کی مناسب تشریح کرنے کی ضرورت ہے۔ منچ کے نیشنل کنوینر شاہد اختر کا کہنا ہے کہ اِس یاترا کا مقصد مسلم برادران میں اتحاد کو فروغ دینا بھی ہے۔ منچ کے سربراہ اندریش کمار نے اپنے رمضان پیام میں کہا تھا کہ حدیث کے مطابق گائے کے گوشت میں بیماری کا عنصر ہوتا ہے جبکہ دودھ میں صحت بخش عناصر ہوتے ہیں لہذا ہم سب کو چاہئے کہ گایوں کو بچائیں اور بیماری کو پھیلنے سے روکیں۔ اسلام نے کبھی نہیں کہا ہے کہ گایوں کو ذبح کرنا اور قربانی دینا ہوگا۔ ہم گاؤ ذبیحہ پر مکمل امتناع کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اِس بارے میں کوئی تنازعہ نہیں ہونا چاہئے اور اِس سے بڑا اچھا ماحول پیدا ہوگا۔ منچ کی یاترا کی قیادت منچ کے سینئر عہدیدار فیض خان کریں گے۔ اِس کے آغاز کے موقع پر لگ بھگ ایک ہزار افراد موجود ہوں گے جبکہ مختلف ریاستوں سے گزرنے پر اِس میں مزید افراد شامل ہوتے جائیں گے۔ منچ افطار کے دوران گائے کا دودھ تقسیم کرتا رہا ہے۔ اگلی افطار کا اہتمام حیدرآباد میں کیا جائے گا جہاں اندریش کمار شریک ہوں گے۔ وہ امکان ہے اِسی طرح کولکاتہ کے پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔