’’مسلم خواتین کو سماجی اِنصاف دِلانے پورا ملک متحد‘‘ : وزیراعظم

تین طلاق بل منظور کروانے کا وعدہ ، کیرالا میں سیلاب متاثرین کیلئے انسانی جذبہ کا خیرمقدم ، مودی کا من کی بات پروگرام سے خطاب
نئی دہلی26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ مسلم خواتین کو ’سماجی انصاف‘ دلاکر رہیں گے۔ ان کے حق میں پورا ملک کھڑا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگرچیکہ مانسون سیشن کے دوران راجیہ سبھا میں تین طلاق بل منظور نہیں ہوا، لیکن میں مسلم خواتین کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے ساتھ انصاف ہوگا۔ اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘سے خطاب میں کہا کہ جب ہم قومی مفاد میں آگے قدم بڑھاتے ہیں تو غریب پسماندہ استحصال کا شکار عوام اور پچھڑے طبقات کی زندگیوں میں تبدیلی لانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے ملک میں عصمت ریزی واقعات کو ناقابل برداشت قرار دیا ہے کہ پارلیمنٹ میں منظورہ قانون کو موثر طور پر روبہ عمل لایا جائے گا۔ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف جرائم کو کچلنے سختی سے کام کیا جائے گا۔ کسی مہذب سماج میں خواتین کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ جو لوگ عصمت ریزی جیسی گھناؤنی حرکتوں کے مرتکب ہوتے ہیں، انہیں ملک برداشت نہیں کریگا۔

اس بات کو ذہن میں رکھ کر پارلیمنٹ نے کریمنل ایکٹ ترمیمی بل منظور کرکے سخت سزا دینے کی دفعہ نافذ کی جو لوگ عصمت ریزی کے مرتکب ہوتے ہیں، انہیں کم از کم 10 سال کی سزا دی جائیگی اور جو لوگ 12 سال سے کم عمر کی لڑکیوں کو عصمت ریزی کے خاطیوں ہونگے، انہیں سزائے موت دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ حال میں عدالتوں نے عصمت ریزی کے مرتکب افراد کو سزائیں دی ہیں۔ تین طلاق بل پر انہوں نے کہا کہ بل کو لوک سبھا میں منظور کرلیا گیا ہے۔ راجیہ سبھا میں بل منظور کیا جانا باقی ہے۔ انہوں نے ایشین گیمس میں ہندوستانی خواتین کی جانب سے میڈلس جیتنے کو مثبت علامت قرار دیا۔ ایشین گیمس انڈونیشیا میں جاری ہیں جہاں ہماری بیٹیوں کی بڑی تعداد نے میڈلس جیتے ہیں۔ وزیراعظم نے مانسون کی اچھی بارش کو کسانوں کیلئے نئی امید بتایااور کہاکہ اس دوران بہت زیادہ بارش بھی ہوئی جو کچھ علاقوں کے ساتھ ہی کیرالہ میں تباہی لائی ہے لیکن اس مشکل گھڑی میں پوراملک متاثرین کے ساتھ ہے ۔ مودی نے آل انڈیا ریڈیوسے نشر ہونے والے اپنے پروگرام ‘من کی بات ‘میں اتوار کو کہا”مانسون سخت محنت کرنے والے ملک کے کسانوں کے لئے نئی امید لے کر آتاہے ۔شدید گرمی سے جھلستے پیڑ پودے ،خشک آبی ذخائر کو راحت دیتاہے لیکن کبھی کبھی بہت زیادہ بارش بتاہ کن سیلاب کی وجہ بھی بنتی ہے ۔قدرت کا ایسا کھیل ہے کہ کچھ جگہوں پر دوسری جگہوں سے زیادہ بارش ہوئی ۔ابھی ہم سب لوگوں نے دیکھا ۔کیرالہ میں تباہ کن سیلاب نے عام زندگی کو بری طرح سے متاثر کیاہے ۔اش مشکل گھڑی میں پوراملک کیرالہ کے ساتھ ہے ۔” انھوں نے کیرالا کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے تئیں اظہار ہمدردی کیا اور کہا،”میری ہمدردیاں ان کنبوں کے ساتھ ہیں ،جنھوں نے اپنے عزیزوں کو کھویاہے ،زندگی کا جو نقصان ہواہے ،اسکی تلافی تو نہیں ہوسکتی لیکن میں غم زدہ کنبوں کو یقین دلانا چاہتاہوں کہ سواسو کروڑ ہندستانی دکھ کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں ۔میری دعا ہے کہ جو لوگ اس آفت میں زخمی ہوئے ہیں ،وہ جلد صحت یاب ہوں ۔مجھے پورایقین ہے کہ ریاست کے لوگوں کے جذبہ اور حوصلہ کے دم پر کیرالہ جلد ہی پھر سے اٹھ کھڑاہوگا۔ ”