مسلمانوں کی غربت و پسماندگی کے خاتمہ کیلئے سی آرکا عہد

 

حیدرآباد۔/21جون، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کی پسماندگی اور غربت کو دور کرنے کیلئے حکومت ممکنہ اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر اعلیٰ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کیا جو آج یہاں صدر نشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کی دعوت افطار میں مخاطب تھے۔ انہوں نے مسلم دانشوروں سے درخواست کی کہ وہ مسلمانوں کی بہبود کیلئے حکومت کو اپنے مفید مشورے دیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ مسلمانوں کی فلاح و بہبود و ترقی کیلئے مثالی بجٹ ثابت ہوگا چونکہ حکومت مسلمانوں کی غربت کے خاتمہ کیلئے منصوبہ سازی کررہی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ دیہی ، ضلعی اور شہری خطوط پر علحدہ پالیسی تیار کرتے ہوئے مسلمانوں کی ترقی کا جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت کی پالیسیوں میں مسلم دانشوروں کے مشوروں کو ضرور ی قرار دیا تاکہ مستقل حل اور مضبوط حکمت عملی کے ذریعہ اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے مسلم دانشوروں سے درخواست کی کہ شہ نشین پر موجود اکابرین ، علماء اور دانشوروں جن میں12 فیصد مسلم تحفظات تحریک کے روح رواں جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ بھی موجود تھے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کو اپنے مفید مشورے دیں، وہ ان سے شخصی ملاقات کے لئے ہمیشہ تیار رہیں گے تاکہ اس مثالی ریاست میں مسلمانوںکی خوشحالی اور ترقی کو بھی مثالی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اعلیٰ درجہ کے معیاری اور انٹرنیشنل سطح کی تعلیم کے لئے فی طالب علم ایک لاکھ 15 ہزار روپئے کا خرچ آرہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسل بھی معیاراور محبت بھری نسل تعمیر ہوگی۔ مسٹر کے چندر شکھر راؤ نے سلام سے اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ مقدس کے احترام میں تلنگانہ کا پورا سماج شامل ہے۔ چیف منسٹر جو اردو میں مخاطب تھے کہا کہ یہ تہذیب تلنگانہ میں برقرار رہے گی اور کہا کہ اسی ماہ مقدس کی رونق سے آج سارا تلنگانہ خوش ہے۔ انہوں نے تحریک تلنگانہ کی یاد تازہ کی اور کہا کہ ہم نے جو وعدے تحریک کے دوران کئے تھے اس کو پورا کررہے ہیں اور اپنے وعدوں پر برقرار ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ آج پورے ملک میں مالدار اور خوشحال ریاست صرف تلنگانہ ریاست ہے اور مرکز نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے۔ چیف منسٹر نے اپنی مصروفیت کے باوجود افطار تک جلسہ میں موجود رہے اور دعاء میں بھی شرکت کی۔ اس دعوت افطار میں نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خان، ڈپٹی چیف منسٹر ریاست تلنگانہ محمد محمود علی، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، حامد محمد خاں امیر جماعت اسلامی ہند، ملک معتصم خاں ، مولانا حامد حسین شطاری، مولانا حسان فاروقی، مولانا سید قادری، مشتاق ملک، مولانا نثار حسین حیدر آغا، مولانا قبول بادشاہ قادری، ڈاکٹر سراج ، شاہ عالم رسول خاں، مولانا رضؤان قریشی، وحید احمد ایڈوکیٹ رکن ریاستی وقف بورڈ، ابرار حسین سکندرمعشوقی و دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر مسلمانوں کو عید کی پیشگی مبارکباد پیش کی۔(تصویر صفحہ 2 پر)