کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل ، جوبلی ہلز میں وشنووردھن ریڈی کی انتخابی مہم ، عبداللہ سہیل کا خطاب
حیدرآباد /31 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے صدر شیخ عبداللہ سہیل نے سابق رکن اسمبلی وشنو وردھن ریڈی کے ساتھ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے 12 فیصد مسلم تحفظات کا دھوکہ دینے والی ٹی آر ایس مخالفت کرنے والی بی جے پی اور حمایت نہ کرنے والی مجلس کو شکست دیتے ہوئے کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ ایرگڈہ ڈیویژن کے مختلف محلہ جات کا دونوں قائدین نے دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے مقامی عوام کو یقین دلایا کہ کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے بتایا کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں مسلمانوں کا موقف بادشاہ گر کا ہے ۔ مگر سونچنے اور سمجھنے والی بات یہ ہے کہ کے سی آر نے 12 فیصد مسلم تحفظات کا دھوکہ دیتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کا استحصال کیا ہے ۔ مہاراشٹرا میں مسلم تحفظات کی مانگ کرنے والے صدر مجلس اسدالدین اویسی تلنگانہ میں 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدے کو پورا نہ کرنے کے باوجود کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کی ستائش کر رہے ہیں اور آئندہ انتخابات میںٹی آرا یس سب کا وکاس کا نعرہ دینے والی بی جے پی 12 فیصد قبائلی تحفظات کی تائید کر رہی ہے مگر 12 فیصد مسلم تحفظات کی مخالفت کر رہی ہے ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز سے مسلمان تینوں جماعتوں ٹی آر ایس مجلس اور بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے سیکولر کانگریس کے امیدوار کو کامیاب بنائی ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ ٹی آرا یس کا مجلس سے جائز اور بی جے پی سے ناجائز رشتہ بن گیا ہے ۔ ٹی آر ایس کو کامیاب بنایا گیا تو قومی سطح پر بی جے پی مستحکم ہوگی ۔ بڑے مودی کو شکست دینے کیلئے چھوٹے مودی کو شکست دینا ضروری ہے ۔ فرقہ پرست طاقتوں کو تلنگانہ میں کچل دینے کا سنہری موقع ہاتھ آیا ہے ۔ عوام بالخصوص مسلمان اس کو ہرگز ضائع نہیں کریں بلکہ اپنے ووٹ کی طاقت کا فرقہ پرستوں اور سیکولرازم کا چولہ پہنے والوں کو شکست دیتے ہوئے احساس دلائے ۔ کانگریس کے سابق رکن اسمبلی پی وشنو وردھن ریڈی نے اپنے دور میں کئے گئے تعمیری و ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی لہر چل رہی ہے ۔ عظیم اتحاد کی تشکیل کے بعد کانگریس کا موقف مزید مستحکم ہوگیا ہے ۔ جس سے ٹی آر ایس اور ان کی حلیف جماعتوں پر ڈر و خوف طاری ہوگیا ہے ۔ بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر یہ جماعتیں کانگریس اور عظیم اتحاد کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ مگر ان کی یہ کوشش ناکام ہوگی ۔ انہیں اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کی عوام پر مکمل بھروسہ ہے ۔