مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات ہی ترقی کا واحد راستہ

بجٹ میں اضافہ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی ، رہنمائی اور معاونت کیلئے ’سیاست‘ ہمیشہ تیار۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر و دیگر کا خطاب

ازواج مطہرات ؓ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں
حضرت بی بی خدیجہ ؓ نے تجارت کا عملی نمونہ پیش فرمایا اور مسلم خواتین و طالبات بھی شرعی حدود میں رہتے ہوئے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔

حیدرآباد۔/27اپریل، ( سیاست نیوز) تعلیم ہی سے مسلمانوں کا مستقبل وابستہ ہے، سوائے تحفظات کے مسلمانوں کی ترقی کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ روز نامہ ’سیاست‘ کی جانب سے شروع کردہ 12فیصد مسلم تحفظات کی تحریک تلنگانہ کے چپہ چپہ میں پہونچ گئی ہے۔ سدا سیو پیٹ کے نوجوانوں اور لڑکیوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کیلئے روز نامہ ’سیاست‘ تیار ہے۔ سدا سیو پیٹ میں الامین ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ’’ مسلمان۔ تعلیم روزگار اور تحفظات ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ نے یہ بات کہی۔ اس پروگرام میں اسٹاف رپورٹر روز نامہ ’سیاست‘ محمد نعیم وجاہت اور سکریٹری ورکنگ جرنلسٹس یونین عبدالقادر فیصل مہمان اعزازی نے شرکت کی۔ دیگر مہمانوں میں صدر ضلع میدک جماعت اسلامی و معاون رکن بلدیہ سدا سیو پیٹ مسٹر امجد حسین، صدر عید گاہ کمیٹی مسٹر اکبر حسین، صدر پریس کلب مسٹر محمد حاجی، صدر مدینہ مسجد کمیٹی میر نواز الدینصمد ریٹائرڈ ٹیچر  و سرپرست الامین ایجوکیشنل ٹرسٹ، مسٹر عثمان کانگریس قائد مسٹر رحمن شریف کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ جناب عامر علی خاں نے الامین ایجوکیشنل ٹرسٹ کی تعلیمی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے ہی تاریکی دور ہوسکتی ہے اور مسلمانوں کی زندگیوں میں خوشحالی آسکتی ہے۔ مسلمانوں میں تعلیمی شعور بیدار ہورہا ہے، تعلیم حاصل کرنے کے باوجود نوجوان روزگار سے محروم ہورہے ہیں، وعدہ کے مطابق اگر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات
فراہم کرتے ہیں تو تعلیم اور روزگار میں مسلمانوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ میں نے اپنے والد محترم و ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں کی اجازت سے مسلمانوں کو ان کا حق دلانے کیلئے 12فیصد مسلم تحفظات کی تحریک کا آغاز کیا ہے۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے مسلمانوں میں 12فیصد مسلم تحفظات کے تعلق سے شعور بیدار کرنے کے علاوہ حکومت پر جمہوری انداز میں دباؤ ڈالنے میں کامیابی ملی۔

انہوں نے کہا کہ تحفظات ہی مسلمانوں کی ترقی کے ضامن ہیں۔ مسلمانوں کو ماضی بھول کر روشن مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ روز نامہ ’سیاست’ نے اپنے آپ کو صحافت تک محدود نہیں رکھا بلکہ کئی فلاحی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے مسلمانوں کی حوصلہ افزائی کررہا ہے اور ’سیاست‘ کی جانب سے 39فنی تربیتی کیمپس چلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سدا سیو پیٹ کے نوجوان بالخصوص لڑکیاں ان فنی تربیتی کورسیس سے استفادہ کرنا چاہیں تو روز نامہ ’سیاست‘ اپنی خدمات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ حکومت نے اقلیتی بجٹ 1100کروڑ  روپئے منظور کیا ہے تاہم صرف 340کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں، بجٹ میں اضافہ سے مسلمانوں کی تقدیر نہیں بدلتی بلکہ حکومت مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرے جس سے مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار دونوں میں فائدہ ہوگا۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ موقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے قابلیت کی ضرورت ہے، مسلمان اسلام کے راستہ پر چلیں، نمازوں کی پابندی کریں۔ حضرت بی بی خدیجتہ الکبریٰ ؓ  معاشی اعتبار سے کافی مستحکم تھیں اور آپ پردہ میں رہ کر تجارت کی کمان سنبھالی ہوئی تھیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہراتؓ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ خواتین بالخصوص لڑکیاں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوکر حضرت بی بی خدیجہ ؓ کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں اور پردے میں ان تمام شعبوں میں اپنی قابلیت کا عملی نمونہ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجس کا سامنا کرنے کیلئے مسلمانوں کو پوری طرح تیار رہنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسابقتی دور ہے مسلمان اپنے وجود کو منوانے کیلئے کوئی بھی موقع ضائع نہ کریں۔ ٹیٹ کے علاوہ دیگر مسابقتی امتحانات میں حصہ لیتے ہوئے اپنا لوہا منوائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ کے تمام اضلاع کا دورہ کررہے ہیں اور ذہین طلبہ کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں، روز نامہ ’سیاست‘ ایسے طلبہ کی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار ہے۔ ٹیالنٹ کو ابھارنے میں روز نامہ سیاست مکمل تعاون کرے گا۔ صدر ضلع میدک جماعت اسلامی مسٹر امجد حسین نے الامین ایجوکیشنل ٹرسٹ کی تعلیمی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے تعلیمی سرگرمیاں چلائی جارہی ہیں۔ 2002 میں جونیر کالج قائم کیا گیا جس سے ابھی تک1800 طلباء مستفید ہوچکے ہیں۔ اسٹاف رپورٹر مسٹر محمد نعیم وجاہت نے خطاب کرتے ہوئے الامین ایجوکیشنل ٹرسٹ کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ لڑکے کی تعلیم ایک فرد کی تعلیم ہوتی ہے جبکہ لڑکی کی تعلیم ایک خاندان کی تعلیم ہوتی ہے۔ انہوں نے ٹیٹ کی تربیت حاصل کرنے والی طلبہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سکریٹری تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹس یونین مسٹر عبدالقادر فیصل نے کہا کہ دو ماہ قبل الامین ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے ٹیٹ کی تربیت کا آغاز کیا گیاہے۔ آئندہ دو یا تین ماہ میں ریاست میں 20ہزار ٹیچرس کے تقررات ہوں گے، ضلع میدک میں 216 اردو میڈیم اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوز ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں کی جانب سے شروع کردہ 12فیصد مسلم تحفظات تحریک سے حکومت پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

صدر ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل سوسائٹی مسٹر سید عبدالرافع التمش نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔  انہوں نے جناب عامر علی خاں سے خواہش کی کہ وہ سدا سیو پیٹ میں روز نامہ ’سیاست‘ کے تحت فنی تربیت فراہم کریں۔ انہوں نے ٹیٹ کی تربیت حاصل کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ 28اپریل کو منعقد ہونے والے تمثیلی امتحان میں شرکت کریں۔ صدر عیدگاہ کمیٹی جناب اکبر حسین نے 12فیصد مسلم تحفظات کو مسلمانوں کی اولین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سچر کمیٹی کے علاوہ دوسری کمیٹیوں اور کمیشنوں کی رپورٹس سے مسلمانوں کی پسماندگی کا انکشاف ہوگیا ہے۔ مسلمانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے تمام شعبوں میں مسلمانوں کو مناسب نمائندگی دینا ضروری ہے۔ صدر مدینہ مسجد جناب میر نواز الدین صمد نے کہا کہ تعلیم ہی قوموںکا مستقبل سنوارتی ہے، مسلمانوں میں شعور بیدار ہورہا ہے اور 12فیصد مسلم تحفظات حاصل ہوجائیں تو تعلیم اور ملازمتوں میں مسلمانوں کے تناسب میں اضافہ ہوگا۔ طالبہ عائشہ نورین کو انٹر میں اعلیٰ نشانات حاصل کرنے پر اور طالب علم محمد غوث الدین کی فوج میں بھرتی پر انہیں تہنیت پیش کی گئی۔ ٹیٹ کی تربیت فراہم کرنے والے اساتذہ کو جناب عامر علی خاں نے تہنیت پیش کی۔ ٹیٹ کی تربیت حاصل کرنے والے طلبہ میں اسٹڈی میٹریل تقسیم کئے گئے۔ عبدالغنی کرسپانڈنٹ نے اظہار تشکر کیا۔ محبوب غوری اور وسیم غوری جرنلسٹس نے جناب عامر علی خاں کی گلپوشی ک