مسلمانوں کو کانگریس سے دوبارہ جوڑنے میں ندیم جاوید کامیاب ہوں گے : اہم شخصیات کاتاثر

نئی دہلی : این ایس یو آئی کے سابق صدر و سابق رکن اسمبلی او رکانگریس کے قومی ترجمان ندیم جاوید کوآل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کا چیر مین مقرر کئے جانے پر ملت اسلامیہ ہند کی جانب سے پرتپاک خیر مقدم کیا جارہا ہے ۔

او رکانگریس صدر راہل گاندھی کے اس فیصلہ کی ستائش کی جارہی ہے ۔ملت اسلامیہ کے علاوہ خود کانگریس کے سینئر وزراء کی جانب سے بھی راہل گاندھی کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے ۔جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی ، شاہی امام سید احمد بخاری ،سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب کے سمیت دیگر اہم شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کی ۔

مولانا سید ارشد مدنی نے ندیم جاوید کی تقرری پر کہا کہ میں سب سے پہلے ندیم جاوید کو کانگریس قومی اقلیتی شعبہ کاچیر مین بنائے جانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور کانگریس صدر راہل گاندھی کی اس بات کے لئے ستائش کرتا ہوں کہ انہوں نے ایک اچھا فیصلہ لیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ ندیم جاوید کو ذمہ داری کانگریس ہائی کمان نے سونپی ہے اس کو وہ پوری ایمانداری سے ادا کریں گے ۔

شاہی امام سید احمد بخاری نے کہا کہ ندیم جاوید بہت ہی ذمہ دار نوجوان ہے اور انہیں سیاسی شعور بھی ہے۔چنانچہ ا ب انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اس کو وہ بخوبی ادا کریں گے اور مسلمانوں کی آواز بلند کریں گے۔انھوں نے کہا کہ ایک نوجوان کو اقلیتی شعبہ کی ذمہ داری دے کر کانگریس نے اچھا کام کیا ہے جس کا خیر مقدم ہونا چاہئے ۔