وندے ماترم اور بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگانے سے انکار کرنے والے مسلمانوں کودہشت گرد قراردینے اور ملک سے باہر کردینے کے دعوے کرنے والے سیاسی قائدین اور دائیں بازو تنظیموں کے سربراہان کے سوال کا منھ توڑ جوا ب دیتے ہوئے سناتھن ہندو دھرم کے مشہور سوامی شنکر آچاریہ نے کہاہے کہ وندے ہندوؤں کی آستھا سے جڑا لفظ ہے جس کا مطلب پوجا کرنا ہے
۔ اور پوجا مذہب اسلام میں قابل قبول نہیں ہے اور اگر کوئی مسلمان وندے ماترم کہتا ہے تو یقینی طور پر اس کا مذہب بدل جائے گا جو کسی بھی مسلمانوں کے لئے قابل قبول بات نہیں ہوگی۔ سوامی شنکر آچاریہ نے وضاحتی انداز میں کہاکہ مذہب اسلام کے ماننے والو ں کا یہ کام ایمان ہے کہ ’’ سوائے اللہ کے کوئی عبادت کے لائق نہیں ہے اور محمد مصطفےٰﷺاللہ کے رسول اور ختم رسول ؐ ہیں‘‘ لہذا دوبارہ مسلمانوں پر اس بات کا دباؤ ڈالنا کہ وہ وندے ماترم کہیں قابل مذمت بات ہوگی
۔ شنکر آچاریہ نے کہاکہ مادر وطن کی پوجا کسی بھی ہندو کے لئے جائز ہوتی ہے کیونکہ اس کا مذہب اور عقید ہ ایسا کرنے کی اس کو اجازت دیتا ہے مگر مسلمان کے لئے سوائے اللہ تعالی کے کوئی عبادت کے لائق نہیں ہے ۔لہذا مسلمانوں کو وندے ماترم نہ کہنے پر دہشت گرد قراردینا اور وطن سے باہر نکال دینے والی بیان بازیاں بھی قابل مذمت اور قابل افسوس ہونگی۔ سوامی شنکر آچاریہ کا مذکورہ ویڈیو پرانا ہے مگر ان دنوں سوشیل میڈیا پر تیزی کیساتھ وائیرل ہورہا ہے ۔