مستقبل میں آپکا اسمارٹ فون ہی آپکا پاسپورٹ ہوگا؟

لندن ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جدید ٹیکنالوجی کہاں جا کر رکے گی اس کے بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ انٹرنیٹ اور موبائیل فون کے آنے کے بعد اسمارٹ فون نے تو زندگی اتنی آسان کردی ہے کہ گھر بیٹھے ہی تمام کام انجام دیئے جاسکتے ہیں، جہاں بلوں کی ادائیگی ہو، فلموں کی، ایرلائنس کی اور ریلویز کی ٹکٹ بک کرنا ہو یا شاپنگ کرنا ہو۔ ہر ایک کیلئے اسمارٹ فون آپ کیلئے راستہ آسان کردے گا۔ تاہم لندن کے ایک کمرشیل بینک نوٹ پرنٹر اور پاسپورٹ مینوفکچرر ڈی لاریو ایک ایسی ٹیکنالوجی پر کام کررہا ہے جس کے ذریعہ آپ کے اسمارٹ فون میں آپ کا ’’غیر کاغذی پاسپورٹ‘‘ اسٹور کردیا جائے گا۔ آپ کو اپنا پاسپورٹ کہیں بھول جانے کا اندیشہ بھی نہیں رہے گا۔ دی ٹیلیگراف کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ ٹیکنالوجی کے ذریعہ مسافروں کو ہر وقت اپنا پاسپورٹ ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور اس طرح اسمارٹ فون موبائیل بورڈنگ کارڈ کا بھی کام کرے گا اور اس طرح مسافر بغیر کاغذی پاسپورٹ کے اپنا سفر کسی بھی ایرپورٹ سے شروع کرسکتے ہیں۔ اسی دوران کمپنی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ غیر کاغذی پاسپورٹ پر ہم تجربات کررہے ہیں جو ابتدائی مراحل میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ جعلی پاسپورٹ اور اگر کسی کا اسمارٹ فون ہی کھوجائے تو اس صورت میں سیکوریٹی کا بڑا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ ان پہلوؤں پر بھی غوروخوض کیا جارہا ہے۔ اسمارٹ فون پر ڈیجیٹل پاسپورٹ کیلئے نئے ہارڈویر کی ضرورت بھی پیش آئے گی۔ بہرحال اس معاملہ میں ابھی ابتدائی طور پر کافی کچھ کیا جانا باقی ہے اور اس کی خوبیوں اور خامیوں پر نظر رکھتے ہوئے فی الحال غیرکاغذی پاسپورٹ ایک آزمائشی دور میں ہے۔