مرکز 35اے پر اپنا موقف واضح کرے

ورنہ لوک سبھا انتخابات کا بائیکاٹ کریں گے۔ فاروق عبداللہ
سری نگر۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ورکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے تیور مزید سخت کرتے ہوئے دھمکی دی کہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن پر مبینہ منصوبہ بند حملوں کا سلسلہ بند نہیں ہوا تو ان کی جماعت نیشنل کانفرنس ‘ مجوزہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس انتخابات لڑنے سے دور نہیں بھاگے گی‘ لیکن ہمیں پہلے انصاف چاہئے۔ فاروق عبداللہ نے وزیراعظم نریندر ودی کو ’ہٹلر‘ سے تشبہہ دیتے ہوئے کہاکہ مقامی سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لئے بغیر ’مودی 15اگست کو لال قلعہ کے فیصل سے جموں او رکشمیر میں بلدیاتی اور پنچایت انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا‘‘۔

انہوں نے کہاکہ ایک طرف آپ یہاں انتخابات کرانا چاہتے ہواور دوسری طرف دفعہ 35کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہو۔ ایسی صورتحال میں ہم لوگوں سے کیسے ووٹ مانگیں گے۔

فاروق عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ کی 36ویں یوم وصال کے سلسلے میں سری نگر کے مضافاتی علاقے نسیم باغ میں واقع ان کے مقبرہ پر منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے قومی سلامیی مشیر اجیت ڈوبھال کے بیان کہ ’جموں وکشمیر کے لئے الگ ائین ایک غلطی تھی‘ پر کہاکہ اگر ریاست کا ائین دفعہ35اے او ردفعہ370غلط ہیں تو ریاست کا بھارت کا الحاق بھی غلط ہے۔

اس موقع پر پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ‘ معاون جنرل سکریٹری ناصر اسلم وانی کے علاوہ دیگر سرکردہ لیڈر نے بھی تقریب سے خطاب کیاتھا