حکومت اقلیتوں کی معیاری تعلیم کیلئے کوشاں:مرکزی وزیر مختار عباس نقوی
کالی کٹ 26دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج یہاں کالی کٹ مرکز الثقافہ کے زیر اہتمام مرکز کوئنس لینڈ اکیڈمی کے سنگ بنیاد کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت اقلیتوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کی پہل کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان کی حکومت اقلیتوں کیلئے خاص کام کررہی ہے تاکہ اقلیتوں کو تعلیم،باختیار اور اسکل ڈیولپمنٹ ہوسکے ۔مرکزی وزیر نے دعویٰ کیا ہے سال رواں پہلی بار سیول سروس میں 52مسلم امیدوار منتخب ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سرکار نے گذشتہ ۶ ماہ کے اند رسینکڑوں تعلیمی ادارے ،بشمول مدرسوں کو تینTیعنی ٹیچر،ٹفن اور ٹوائلٹ کی فراہمی کے ذریعہ اصل دھارے کی تعلیم کے تحت لایا گیا۔مسٹر نقوی نے کہاکہ مرکز کی تعلیم قابل تحسین ہیں ،تعلیمی ورفاہی خدمات پورے ملک کے لئے رول ماڈل ہے ۔انہوں نے یقین دہانی کی کہ اقلیتی طلبا کیلئے جو بھی ممکن ہوسکے گا ہم اسے پورا کریں گے ۔انہوں نے شیخ ابوبکر احمد کی خدمات کو سراہا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ ابوبکر نے کہاکہ کیرالا میں ہندو مسلم سکھ عیسائی آپس میں بھارئی چارہ اور اتحاد واتفاق کے ساتھ رہتے ہیں ،یہاں کو ئی نسلی ومذہبی نفرت نہیں ہے ۔ اس کی اصل وجہ یہاں کی تعلیم ہے ۔ہم نے دینی وعصری تعلیم کو ایک ساتھ نافذ کیا ہے اور آپس میں کوئی بھید بھاؤ نہیں رکھا ہے ۔یہاں کے فارغین ملک وبیرون ممالک میں اچھے عہدہ پر کام کررہے ہیں ۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا۔تہنیتی خطبہ امیر حسن نے پیش کیا۔تعارفی خطبہ ڈاکٹر پی ایم عبدالسلام نے پیش کیا۔اس موقع پر مقامی ایم ایل اے مسٹر پی ٹی عبدالرحیم ،سینٹرل وقف مینوریٹی ایڈوکیٹ نوشاد پی ٹی او،سی محمد فیضی بھی شریک اجلاس رہے ۔آخر میں اے جی ایم محمد اُنیس نے شکریہ نامہ پیش کیا۔اس موقع پر علما وعمائدین سمیت ہزاروں کی تعداد میں طلبا وطالبات شریک رہیں ۔