مرکز سے بی جے پی اور تلنگانہ سے ٹی آر ایس کو بے دخل کر کے سبق سکھانے پر زور

فیول کی شرح میں اضافہ کے خلاف احتجاج میں ٹی آر ایس کی دوری ، رکشہ چلاتے ہوئے شیخ عبداللہ سہیل کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدر شیخ عبداللہ سہیل نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف منظم کئے گئے بھارت بند سے ٹی آر ایس کی دوری پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی دوستی پھر ایکبار آشکار ہوچکی ہے ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے بھارت بند کے موقع پر رکشہ چلاتے ہوئے احتجاج درج کرایا اور طنز کرتے ہوئے بتایا کہ مودی نے جو اچھے دن کا وعدہ کیا تھا ملک اسی دور سے گذر رہا ہے ۔ گذشتہ 4 سال کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 20 تا 25 روپئے کا اضافہ ہوا ہے اور پکوان گیاس سیلنڈر پر تقریبا 400 روپئے کا اضافہ ہوا ہے ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 2014 کے بہ نسبت نصف فیصد گھٹ گئی ہے ۔ 144 ڈالر فی بیارل پٹرول کی قیمت ہونے کے باوجود کانگریس کے زیر قیادت یو پی حکومت نے 64 روپئے فی لیٹر پٹرول فروخت کیا تھا اب جب کہ عالمی منڈی میں 78 ڈالر فی بیارل پٹرول فروخت ہورہا ہے ۔ مگر پٹرول ملک میں 86 تا 88 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے ۔ عالمی مارکٹ میں پٹرول کی جو قیمت کم ہوئی ہے اس سے ملک کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہورہا ہے ۔ 4 سال کے دوران 11 لاکھ کروڑ روپئے کا مرکزی حکومت اور آئیل کمپنیوں کو فائدہ پہونچا ہے ۔ سنٹرل ٹیکس میں بے تحاشہ اضافہ کرتے ہوئے غریب عوام کو لوٹ لیا جارہا ہے ۔ اس طرح تلنگانہ میں ویاٹ کی شکل میں حکومت کو 10 ہزار کروڑ روپئے کا فائدہ ہورہا ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے لیے نریندر مودی اور کے سی آر ایک دوسرے پر بازی لیجانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مرکز سے بی جے پی اور تلنگانہ سے ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے انہیں سبق سکھایا جائے ۔ انہوں نے کانگریس کی اپیل پر بھارت بند کو کامیاب بنانے والی تمام سیاسی جماعتوں ، رضاکارانہ تنظیموں سے اظہار تشکر کیا اور تلنگانہ کے عوام کو فرقہ پرست نگران چیف منسٹر کے سی آر سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ۔۔