مرکزی وزیرمہیش شرما کی زہرافشانی ، عدالتی فیصلہ کی پابندی کی جائے گی : مختارعباس نقوی
بلند شہر (یوپی) ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مہیش شرما نے کہاکہ ان کی حکومت ایودھیا میں رام مندر تعمیر کرنے کی پابند ہے لیکن سپریم کورٹ کے فیصلہ کا انتظار کرے گی یا پھر مندر کی تعمیر کیلئے باہمی مفاہمت کا انتظار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے عوام کا ’’خواب‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندر جلد از جلد تعمیر کیا جائے گا۔ ہماری پارٹی اور حکومت پہلے ہی اس مسئلہ پر برسراقتدار آ چکی ہے اس لئے ہم رام مندر تعمیر کرنا چاہتے ہیں لیکن یا تو سپریم کورٹ کے فیصلہ کی تعمیل کریں گے یا مشترکہ طور پر مندر کی تعمیر کے بارے میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ یہی وجہ ہیکہ ہمیں تاخیر ہورہی ہے۔ وہ ایک تقریب میں خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رام مندر تعمیر کرنے کی پابند عہد ہے۔ ملک کے عوام بھی چاہتے ہیں کہ رام مندر قائم کیا جائے لیکن یہ مسئلہ عدالت میں زیردوران ہے۔ ان کے تبصرہ پر تنازعہ پیدا ہوگیا۔ شرما نے بعدازاں پرزور انداز میں کہا کہ پارٹی کے سینئر قائدین کو اس مسئلہ پر فیصلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک باہمی مفاہمت نہیں ہوجاتی یا عدالت سے حکم جاری نہیں ہوجاتا بی جے پی صورتحال پر نظر رکھے گی اور انہیں بھی اس مسئلہ پر تقریر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سینئر پارٹی قائدین یا حکومت کے اعلیٰ عہدیدار اس سلسلہ میں فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایودھیا میں ایک عظیم الشان میوزیم بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔ مرکزی حکومت نے 170 کروڑ روپئے کی منظوری رام ون یمن پاتھ پراجکٹ کیلئے لی ہے جس سے لارڈ رام کے نظریات کا اظہار ہوگا۔
مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ رام مندر کا مسئلہ عدالت میں زیردوران ہے۔ اقدامات کئے جائیں گے کہ کس سمت میں عدالت میں پیشرفت ہو یہ ایک غیرسیاسی مسئلہ ہے۔ بڑے گوشت کے دادری تنازعہ کے بارے میں اظہارخیال کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے ثقافت نے ادعا کیا کہ اخلاق کے مکان واقع دادری سے جو گوشت دستیاب ہوا تھا وہ ’’بڑا گوشت‘‘ تھا۔ عظیم تر نوئیڈا کے سپرنٹنڈنٹ پولیس سنجے سنگھ نے حال ہی میں کہا تھا کہ فارنسک رپورٹ ہنوز وصول نہیں ہوئی ہے اس لئے گوشت کا یہ نمونہ جانچ کیلئے دیا گیا ہے۔ اس کے بارے میں قطعیت کے ساتھ کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اخلاق مرحوم کا مکان واقع بشارا دیہات سے برآمد ہونے والا گوشت بکرے تھا یا گائے کا تھا فیصلہ کن طور پر نہیں کہا جاسکتا۔ ایودھیا کے بارے میں شرما کا تبصرہ بی ایس پی کے ترجمان کے اس بیان کے چند دن بعد منظرعام پر آیا ہے جنہوں نے کہا تھا کہ پتھروں کی پہلی کھیپ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کرنے کیلئے پہنچ چکی ہے۔ شرد شرما ترجمان وی ایچ پی نے حال ہی میں کہا تھا کہ شیلا پوجن مہنت نرتیہ گوپال داس صدر رام جنم بھومی نیاس نے انجام دی۔ مہنت نے کہا کہ مودی حکومت کی جانب سے اشارہ دیا گیا تھا کہ مندر ’’اب‘‘ تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا وقت آ گیا ہے۔ کثیر تعداد میں پتھر ایودھیا پہنچ چکے ہیں اور پتھروں کی آمد مسلسل جاری رہے گی۔ ہمیں مودی حکومت کا اشارہ مل چکا ہے کہ مندر کی تعمیر اب کی جائے گی۔ یو پی حکومت نے اس کے فوری بعد محکمہ سراغ رسانی سے دو لاری پتھر ایودھیا میں پہنچنے کے بارے میں خفیہ رپورٹ طلب کی ہے۔ انسپکٹر جنرل لا اینڈ آرڈر اے ستیش گنیش نے کہا کہ دو لاری بھر پتھر رام سیوک پورم میں اتارے گئے جو ایودھیا میں وی ایچ پی کی جائیداد ہے۔ شیلا پوجن مہنت نرتیہ گوپال داس نے انجام دی۔ ایودھیا مندر مسئلہ سے راجیہ سبھا دہل کر رہ گئی جبکہ کانگریس، وی ایچ پی اور جے ڈی یو نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ یو پی میں فرقہ وارانہ خطوط پر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ 2017ء میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات مقرر ہیں۔ اپوزیشن ارکان نے دو لاری پتھر مندر کی تعمیر کیلئے ایودھیا میں جاریہ ہفتہ کے اوائل میں پہنچنے کی اطلاعات پر اظہارتشویش کیا ہے۔