مرکزی وزیر انوپریہ پاٹل کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ

اترپردیش میں 150 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج
پرتاپ گڑھ ( اترپردیش ) ۔ 12 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مرکزی وزیر اور اپنا دل لیڈر انوپریہ پاٹل کے ساتھ یہاں ایک روڈ شو کے دوران بدتمیزی کے الزام میں 158 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا ۔ سینئیر پولیس آفیسر نے بتایا کہ کل شب اپنا دل کے روڈ شو کے دوران مرکزی وزیر اور دیگر پارٹی کارکنوں کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ جس پر مقامی لیڈر ونود دوبے اور دیگر 157 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے ۔ یہ واقعہ کل اس وقت پیش آیا تھا جب اپنا دل کارکنان ، مرکزی مملکتی وزیر صحت و بہبود خاندان اور پارٹی رکن اسمبلی آر کے ورما کے ساتھ ایک روڈ شو منعقد کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ دوبے اور ورما کے جلوسوں کا آمنا سامنا ہوگیا جس پر دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ دوبے کا منصوبہ ہے کہ مجوزہ اسمبلی انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا جائے ۔ مرکزی وزیر کا الزام ہے کہ یہ واقعہ پارٹی جلوس کو درہم برہم کرنے کی سازش تھی ، انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ یہ سازش حکمران سماج وادی پارٹی کی ہوسکتی ہے کیوں کہ شکایت کے باوجود انہیں سیکوریٹی فراہم نہیں کی گئی ۔ مذکورہ واقعہ کے بعد ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ جائے وقوع نہیں پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک وزیر کی درخواست کو پولیس نظر انداز کردے گی تو ایک عام آدمی کی حالت کیا ہوگی ؟ اپنے قائدین کے ساتھ بدسلوکی کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنا دل ورکرس نے رائے بریلی ۔ وارناسی شاہراہ پر راستہ روکو احتجاج کیا ۔ مرکزی وزیر کی روانگی کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا ۔۔