تلنگانہ کے محمد عبدالوحید کو پدماشری
نئی دہلی۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سال 2017ء کے پدما ایوارڈس کیلئے منتخب 89 افراد میں مرلی منوہر جوشی، شردپوار اور لوک سبھا کے سابق اسپیکر پی اے سنگما کے علاوہ کرکٹر ویراٹ کوہلی اور کرناٹک موسیقار کے جے سیوداس بھی شامل ہیں۔ ملک کے دوسرے اعلیٰ ترین سیویلین اعزام پدماوبھوشن کیلئے منتخب سات افراد میں جوشی، پوار اور سنگما بھی ہیں۔ اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ بھارت رتن کیلئے اس سال کسی کو بھی منتخب نہیں کیا گیا۔ پدماوبھوشن کے زمرہ میں اسرو کے سابق صدرنشین پروفیسر اڈپی رامچندر راؤ، یوگا گرو اور روحانی پیشوا جگی واسودیو، مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر اور بی جے پی لیڈر سندر لال پٹوا بھی ہیں۔ سنگما اور پٹوا ان سات شخصیات میں شامل ہیں جنہیں بعدازمرگ اس اعزاز کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ 19 خواتین کو بھی اس سال پدما وبھوشن ایوارڈ دیا گیا ہے لیکن پہلی مرتبہ کسی بالی ووڈ اداکار کو پدما ایوارڈ یافتگان کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ تلنگانہ سے 6 شخصیات کو پدماشری ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے جن میں چندرا کانت پتھوا (سائنس و انجینئرنگ)، موہن ریڈی وینکٹ راما بوڈاناپو (صنعت و تجارت)، پروفیسر ائیکا یادگیری راؤ (فن مجسمہ سازی)، واری پلی رامیا (سماجی خدمات)، چنتہ کنڈی ملیشم (ہنکری کے مشین کی ایجاد) اور محمد عبدالوحید (میڈیسن) شامل ہیں۔