انقرہ : افریقی ملک مراکش سے تعلق رکھنے والے ۵۸؍ سالہ محمد ربوحات فریضہ حج کی ادائی کے لئے سائیکل پراپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں ۔وہ چھ ممالک کو سائیکل پر عبور کرکے فریضہ حج کی ادا ئیگی کیلئے سرزمین حجاز پہنچیں گے ۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق آج کے اس جدید او رتیز ترین نقل و حمل او رمواصلات کے دور میں سائیکل پرحجاز کا سفر کرنے والے محمد ربوحات کا کہنا ہے کہ وہ اس انداز سفر سے افریقی اقوام او رعالم اسلام کے لئے محبت اور امن کا پیغام عام کرناچاہتے ہیں ۔
جمعہ کے دن ربوحات تین ماہ آٹھ دن کا سفر کر کے موریتانیہ ، مالی ، بورکینا فاسو، نیچر اورچاڈ سے گزرتے ہوئے چھٹے اسٹیشن پر سوڈان کے دارالحکومت خرطوم پہنچے ۔اناطولیہ نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ربوحات نے بتایا کہ انہوں نے مراکش کے شمال مشرقی شہر مکناس سے یکم اپریل کو اپنے سفر کا آغاز کیا تھا ۔وہ اپنے تین ماہ چند دن کے سفر میں چھ ممالک کو عبور کرکے سوڈان پہنچے ہیں جہاں سے وہ سعودی عرب کے سفر کے جزیرہ سواکن کو عبور کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ میں طویل عرصہ سے مراکش سے حجاز مقدس پر سائیکل پر جانے کی خواہشمند تھا ۔اب وہ اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں ۔جزیرہ سواکن ان کے سفر کا آخری مرحلہ ہے جس کے بعدوہ سعودی عرب میں داخل ہوجائیں گے ۔