مراٹھا تحفظات بل ‘قانون بن گیا ۔ گورنر نے دستخط کردئے

ممبئی 30 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گورنر مہاراشٹرا مسٹر سی ایچ ودیاساگر راو نے آج مراٹھا تحفظات بل پر دستخط کردئے جسے مہاراشٹرا اسمبلی اور کونسل میں اتفاق رائے سے جمعرات کو منظوری دی گئی تھی ۔ اس بل کے ذریعہ مراٹھا برادری کو تعلیمی اداروں اور روزگار میں 16 فیصد تحفظات کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔ یہ تحفظات سماجی و تعلیمی اعتبار سے پسماندہ زمرہ کے تحت دی جا رہی ہیں۔ اس بل کی منظوری کے بعد مہاراشٹرا میں تحفظات کی حد بڑھ کر 68 فیصد تک جا پہونچی ہے ۔ اسمبلی اور کونسل میں چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے یہ بل پیش کیا تھا اور کہا تھا کہ مہاراشٹرا اسٹیٹ پسماندہ طبقات کمیشن کی تحقیقات اور سفارشات پر کارروائی کرتے ہوئے تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے ۔ کمیشن نے بھی اپنی رپورٹ میں تحفظات کی حمایت کی تھی ۔ حکومت نے یہ واضح کردیا تھا کہ 16 فیصد مراٹھا تحفظات ‘ پہلے سے موجود 52 فیصد تحفظات سے علیحدہ ہونگے ۔ اس طرح اب مہاراشٹرا میں جملہ تحفظات 68 فیصد تک جا پہونچے ہیں۔ اس بل کی اسمبلی اور کونسل میں تمام جماعتوں نے تائید کی تھی جس پر چیف منسٹر نے سبھی سے اظہار تشکر بھی کیا تھا ۔