تنوع ہی ہندوستان کی طاقت کا منبع، مشرقی ایشیائی چوٹی کانفرنس سے وزیر اعظم مودی کا خطاب
کوالالمپور ۔ /22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے انتباہ دیا کہ دہشت گردی دنیا بھر کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے تاہم اسے کسی بھی مذہب سے مربوط نہیں کرنا چاہئیے ۔ عالمی انسداد دہشت گردی دفاعی حکمت عملی میں اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئیے کہ دہشت گردی کو کسی بھی مذہب سے جوڑا نہ جائے اور کوئی بھی ملک دہشت گردوں کو اپنی سرزمین پر پناہ نہ دے وہ درپردہ پاکستان کا حوالہ دے رہے تھے جہاں پر مبینہ طور پر ایسی دہشت گرد تنظیموں کو پناہ دی گئی ہے جو ہندوستان کی سرزمین پر دراندازی اور دہشت گرد کارروائیاں کرتی رہتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تنوع سے طاقت حاصل کرتا ہے اس کا تنوع ہی اس کی طاقت کا منبع ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چین سے ان کی وسیع تر موضوعات پر بات چیت ہوئی ہے ۔ ہندوستان کی معیشت کے بارے میں انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ برسوں میں ہندوستان کی معیشت 7.5 فیصد شرح سے ترقی کرے گی ۔ انہوں نے پیرس ، انقرہ اور مالی میں دہشت گرد حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی وقتی مسئلہ نہیں ہے ۔ انہوں نے مصر میں روسی طیارہ پر دولت اسلامیہ کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے مقابلے میں متحد ہوجانا چاہئیے اور پوری دنیا کو ایک متفقہ حکمت عملی اس کے لئے تیار کرنی چاہئیے تاہم مذہب سے دہشت گردی کو مربوط نہ کیا جائے کیونکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ۔
ہمیں ان کی کارستانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں طاقتور بننے کیلئے باہمی اجتماعی تعاون کو مزید گہرا کرنا چاہئیے۔ بین الاقوامی قوانین اور معیاروں کی پابندی کرنی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی رنگارنگ ثقافت سے طاقت حاصل کرتا ہے ۔ ان کی حکومت ایسا ماحول پیدا کرنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے جس میں صنعتکار پھل پھول سکیں اور ہر شخص کی بنیادی ضروریات جیسے چھت ، صفائی ، پانی ، حفظان صحت مساوی طور پر دستیاب ہوسکے ۔ اپنی 45 منٹ تقریر میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ترقی کی رفتار اب تیز ہوگئی ہے جبکہ عالمی سطح پر شرح ترقی انحطاط پذیر ہے ۔ ہندوستان 7.5 فیصد شرح سے ترقی کررہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ آئندہ برسوں میں بھی یہی شرح ترقی برقرار رہے گی ۔ انہوں نے مذہب کو دہشت گردی سے غیرمربوط کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص انسانیت پر یقین رکھتا ہے وہ سماج خاص طور پر نوجوانوں کی فلاح کیلئے جدوجہد کرتا ہے ۔ مودی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف متحدہ عالمی جنگ ضروری ہے لیکن اس بات کو بھی یقینی بنانا چاہئیے کہ کوئی بھی ملک دہشت گردی کو فروغ نہیں دیتا ۔ ان کیلئے محفوظ پناہ گاہ مالیہ اور ہتھیار فراہم نہیں کرتا ۔