مدھیہ پردیش کے گاؤں میں دلت عورت کی ناک کاٹنے کے بعد شوہر کے ساتھ بدسلوکی کا واقعہ

نئی دہلی:ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر میں واقع گاؤ ں رینوجہا میں پیش ائے واقعہ میں ایک 35سال کی دلت عورت کی مبینہ طور پر ناک کاٹنے کے بعد متاثر ہ خاتون کے شوہر کے ساتھ مارپیٹ کی گئی۔

سرکھی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر آر ایس باگری کے مطابق نریندر سنگھ اور اس کے بیٹے نے پیر کے روز مذکورہ خاتون اور اس کے شوہر کے ساتھ اس وجہہ سے مارپیٹ کی کہ دونوں نے ان افراد کے گھر میں کچھ کام کرنے سے انکار کردیاتھا۔

پولیس افیسر نے بتایا کہ جب متاثرہ عورت اپنے شوہر کو اسپتال لیکر گئی تب نریندراور صاحب نے پھر ایک مرتبہ ان لوگوں پر حملہ کیا۔ مدھیہ پردیش ویمن کمیشن( ایم پی ڈبلیو سی)چیرپرسن لتا وانکھڈے کا دعویٰ ہے کہ متاثرہ عورت کی ناک بھی کاٹ دی گئی ہے۔

انسپکٹر باگری کا کہنا ہے کہ متاثرہ عورت کی ناک زخمی ہے اور وہ میڈیکل رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں۔یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیاجب متاثرہ خاتون علاقے میں شکایتوں کی سنوائی کے لئے ایم پی ڈبلیو سی کے زیراہتمام منعقدہ اجلاس میں پہنچی جس کا مقصد خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی کی شکایتوں پر کمیشن کی کاروائی کو یقینی بنایاتھا۔

ایم پی ڈبلیو سی سربراہ نے رپورٹرس سے کہاکہ ملزمین جو اس عورت اور اس کے شوہر کو’’ بندھو مزدور‘‘بنانا چاہتے تھے نے عورت کی ناک کاٹ دی ۔انہوں نے پولیس کو خاطیوں کی گرفتاری او رکڑی کاروائی کے متعلق ہدایت بھی دی ۔باگری نے کہاکہ پولیس نے ائی پی سی کے سیکشن 323کے تحت مقدمہ درج کیاہے اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت بھی ملزمین کے خلاف کاروائی کی جائے گی‘ فی الحال ملزمین فرار بتائے جارہے ہیں۔

انسپکٹر نے کہاکہ ’’ متاثرہ عورت کا اسپتال میں علاج کیاجارہا ہے ۔ اور ناک کے زخم کے متعلق ہم ڈاکٹرس کی رپورٹس کا انتظار کررہے ہیں‘ اگر رپورٹس میں ناک کے اندرونی حصہ میں زخم میں سنگین حالات کے متعلق کسی قسم کا انکشاف ہوتا ہے تو ہم ملزمین کے خلاف دیگر دفعات کا بھی اضافہ کریں گے‘‘