مدھیہ پردیش کی کانگریس حکومت میں پی ڈبلیو ڈی وزیرسجن سنگھ ورما نے کرکٹرسچن تندولکراورفلم اسٹارریکھا کو لے کرمتنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے سچن تندولکراورریکھا کو راجیہ سبھا کے لئے نامزد کیا تھا، لیکن دونوں کا فائدہ نہ تو کانگریس کو ملا اور نہ ہی ملک کو ملا۔
اندورمیں سیلیبرٹی کو الیکشن لڑانے کے معاملے پربولتے ہوئے انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ لیڈرکا حق مارکرسیلیبرٹی کو لوک سبھا کا ٹکٹ دینا غلط ہے۔ اس کی انہوں نے واضح طورپرمخالفت کی ہے۔ اس کے ساتھ خراب نتائج کا سامنا ہم پہلے ہی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈروں میں صلاحیت ہے، انہیں ہی راجیہ سبھا اورلوک سبھا میں بھیجا جانا چاہئے۔
سجن سنگھ ورما نے وزیراعلیٰ کمل ناتھ کے اس بیان کی بھی حمایت کی، جس میں کمل ناتھ نے کہا ہے کہ لوک سبھا میں جس بھی وزیرکا حلقہ پارٹی ہارے گی، اس وزیرکوفوراً استعفیٰ دینا ہوگا۔ ورمانے کہا کہ یہ ایک اچھا فیصلہ یہ ہے کہ اپنے وزرا کوتو الرٹ ہونا ہی چاہئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کانگریس میں قیاس آرائی تیز تھی کہ بھوپال لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے ٹکٹ پرکرینہ کپوراوراندورسے سلمان خان الیکشن لڑسکتے ہیں۔ پارٹی کے کچھ کارکنان کے ذریعہ ایسا مطالبہ کیا گیا تھا۔ حالانکہ اس پرپارٹی کی طرف سے کوئی رسمی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔