مدھیہ پردیش : وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے ’’ مکھیہ منتری یوا سوابھیمان یوجنا ‘‘ کی شروعات کی ،ریاست سے بیروزگاری ختم کرنے کی جانب اہم قدم

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے اپنا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ کمل ناتھ حکومت نے ریاست کے شہری غریب نوجوانوں کے لیے 100 دن کا روزگار دستیاب کرانے کے لیے ’مکھیہ منتری یوا سوابھیمان یوجنا‘ کی شروعات کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ملک میں اپنے قسم کا پہلا منصوبہ ہے جو شہری بے روزگار مرد و خواتین کو سال میں 100 دن کا روزگار یقینی بنائے گا جس میں ٹریننگ بھی شامل ہوگا۔ اس 100 دن میں 4000 روپے مہینے کے حساب سے کل 13500 روپے اجرت بھی ملے گی۔ ریاست کے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ نوجوانوں نے اس منصوبہ میں رجسٹریشن کروایا ہے۔

وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے بھوپال کے موتی لال نہرو اسٹیڈیم میں اس منصوبہ کے تحت نوجوانوں کو سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ریاست کے بہتر مستقبل کے لیے ہم ترقی کا ایک نیا نقشہ تیار کریں گے۔ اس میں زراعتی ترقی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار دینے کے لیے یقینی کوششیں ہوں گی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج کا نوجوان مواصلاتی وسائل سے لیس ہے اسے کوئی ٹھیکہ یا کمیشن نہیں، روزگار چاہیے۔ اس کے لیے ریاست میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو تلاش کر رہے ہیں۔ ’یوا سوابھیمان یوجنا‘ اس سمت میں کوشش ہے۔ 100 دن میں چار ہزار روپے ماہانہ نوجوانوں کو دستیاب کرائیں گے، ساتھ ہی انھیں ٹریننگ بھی دیں گے تاکہ وہ خودمختار بن سکے۔‘‘

کمل ناتھ کا کہنا ہے کہ تقریباً دو مہینے میں نئی حکومت نے ایک جانب جہاں زراعتی سیکٹر کو طاقت بخشنے کے لیے کسانوں کا دو لاکھ روپے تک کا فصل قرض معاف کیا ہے، وہیں بے روزگار نوجوانوں کے لیے ہم ’مکھیہ منتری یوا سوابھیمان یوجنا‘ کی شروعات کر رہے ہیں۔ کمل ناتھ نے مزید کہا کہ ’’ہمارے سامنے سب سے بڑا چیلنج زراعتی سیکٹر میں وسیع اصلاح کا ہے۔ اگر کسانوں کے ذریعہ پیداکردہ چیزوں کی واجب قیمت نہیں دلا سکے تو ہم اپنی معیشت میں بہتری نہیں لا سکتے۔ کسانوں کے اندر اگر خرید کی طاقت نہیں ہوگی تو دیگر تجارتی سرگرمیوں پر بھی منفی اثر پڑے گا اور ریاست کی ترقی رخنہ انداز ہوگی۔‘‘

مکھیہ منتری یوا سوابھیمان یوجنا سے متعلق کچھ اہم نکات:

  • یوا سوابھیمان یوجنا میں 21 سے 30 سال تک کے نوجوانوں پر فوکس کیا گیا ہے۔
  • بے روزگار یا دو لاکھ سے کم سالانہ آمدنی والے نوجوانوں کو اس کا فائدہ ملے گا۔
  • منصوبہ کے تحت شہری نوجوانوں کو 100 دن کے روزگار کی گارنٹی دی جائے گی۔
  • ان نوجوانوں کو ہنرمندی کی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
  • 12 فروری سے اس منصوبہ کے لیے رجسٹریشن شروع ہو چکا ہے۔
  • اس منصوبہ میں ابھی تک ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ نوجوان رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔
  • پہلے مرحلہ میں حکومت 63 ہزار 400 سے زیادہ نوجوانوں کو تربیت دے گی۔
  • تربیت کے بعد حکومت ہر ماہ ان نوجوانوں کو 4000 روپے اسٹائپینڈ دے گی۔