بھوپال ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش میں ایک اجتماعی شادی کے دوران سینکڑوں دلھنوں کو تحفے میں لکڑی کا بیٹ دیا گیا۔مقامی زبان میں 15 انچ کے اس بیٹ کو ‘مگدر’ کہا جاتا ہے اور اس کا استعمال کپڑے دھونے کے لیے کیا جاتا ہے۔دلھنوں سے کہا گیا ہے کہ شوہر کے جارحیت کی صورت میں وہ اسے بطور ہتھیار استعمال کریں۔گرہا کوٹا میں تقریباً 700 دلھنوں کو تحفے میں دیے جانے والے بیٹ پر ‘شرابیوں کی اصلاح کے لیے ہدیہ’ لکھا ہوا ہے۔ریاست کے ایک وزیر گوپال بھارگو نے کہا کہ وہ اس کے ذریعے گھریلو تشدد کے مسئلے کو سامنے لانا چاہتے تھے۔انھوں نے خواتین سے کہا کہ مگدر استعمال کرنے سے پہلے وہ اپنے شوہروں کو سمجھانے کی کوشش ضرور کریں۔لیکن اگر شوہر سننے سے انکار کرتا ہے تو انھیں اس کا استعمال کرنا چاہیے۔بھارگو نے اپنے فیس بک کے صفحے پر بھی بیٹ لیے دلھنوں کی تصاویر ڈالی ہیں۔خبررساں ادارے اے اے ایف پی کو انھوں نے بتایا کہ وہ گاؤں میں شرابی شوہروں کا شکار ہونے والی خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد پر فکر مند تھے۔انھوں نے کہا: ‘خواتین نے انھیں بتایا ہے کہ جب بھی ان کے شوہر شراب پیتے ہیں تو پرتشدد ہو جاتے ہیں۔ ان کی بچائی ہوئی رقم کو وہ ان سے چھین لیتے ہیں اور شراب پر خرچ کر دیتے ہیں۔’بہر حال وزیر نے کہا کہ ‘ان کا مقصد خواتین کو تشدد پر ا?سانا نہیں ہے، بلکہ یہ بیٹ تشدد کو روکنے کے لیے ہدیہ ہے۔’