مدرٹریسا کو سینٹ کا درجہ ملنے پر کولکتہ میں جشن

مدرہاؤز میں خصوصی دعائیہ پروگرام ‘ محکمہ ڈاک نے خصوصی یادگار ٹکٹ جاری کئے
کولکتہ /ممبئی ۔ 4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مدرٹریسا کو بزرگ صفت ’’ سینٹ‘‘ کا مقام دیئے جانے پر کولکتہ میں جشن منایا گیا ۔ خصوصی دعائیہ پروگرام منعقد ہوئے ‘ جن میں مقامی افراد کے علاوہ غیر ملکی شہریوں کی بھی کثیر تعداد شریک تھی ۔ مشنریز آف چیاریٹی کے ہیڈ کوارٹر مدر ہاؤز میں تین بڑے اسکرین نصب کئے گئے تھے جہاں ہزاروں افراد نے مدر ٹریسا کو سینٹ کا درجہ دیئے جانے کی تقریب کا راست مشاہدہ کیا ۔ آج صبح سے ہی مدر ہاؤز کو عوام کیلئے کھلا رکھا گیا تھا ۔ ویٹیکن میں جیسے ہی پوپ فرانسیس نے مدر ٹریسا کو سینٹ کا درجہ دینے کا اعلان کیا یہاں موجود شرکاء خوشی سے جھوم اٹھے ۔ اس دوران انڈیا پوسٹ نے اس یادگار تقریر کی مناسبت سے مدر ٹریسا پر یادگار ڈاک ٹکٹ جاری کیا ۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ برائے کمیونکیشن منوج سنہا نے ممبئی کے ایک اسکول میں منعقدہ تقریب میں اس ڈاک ٹکٹ کی رسم اجراء انجام دیں ۔ مدر ٹریسا نے کولکتہ میں غریب اور بے سہارا لوگوں کی خدمت کی ‘ جس کے بعد وہ عیسائی مشنری کی ایک عالمی سطح پر معروف شخصیت بن چکی تھیں ۔ مدر ٹریسا کی 19ویں برسی سے ایک دن قبل انہیں سینٹ کا درجہ دیا گیا ہے ۔ مدر ٹریسا نے اپنی ساری زندگی ہندوستان میں گزاری ۔ پہلے انہوں نے تدریس کا شعبہ اپنایا ‘ اس کے بعد ضرورتمند اور بے سہارا لوگوں کی مدد شروع کی ۔ یہ سلسلہ اُن کی آخری سانس تک جاری رہا ۔ انہیں 1979ء میں نوبل امن انعام دیا گیا تھا ۔