مدارس و مساجد کیساتھ پولیس کی شرپسندی : مولانا ندیم صدیقی

ممبئی ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اس وقت ریاست کے رائے گڑھ ضلع میں واقع مدارس و مساجد میں پولیس کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے انکوائری کرنے کی بھی خبر ملی ہے۔ ضلع کے مختلف مدارس میں پولیس مدارس کے منتظمین سے جانچ کے نام پر طلبہ و اساتذہ کے فون نمبرات اور دیگر ذاتی تفصیلات بھی دینے کیلئے ذمہ داروں پر زور دے رہی ہے جس کی وجہ سے مدارس اور مساجد کے ذمہ داران میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔ اس خفیہ انکوائری کے خلاف جمعیتہ علماء مہاراشٹرا کے ریاستی صدر نے حکومت سے اس کو روکنے اور اس طرح ہراساں کرنے والے پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ کام پولیس کی جانب سے ہورہا ہے اور ظاہر ہیکہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر ہورہا ہے۔ مولانا ندیم صدیقی نے اس معاملے میں فوری طور پر حکومت سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ اس طرح کی جانچ بند کرائے اور مدارس کے منتظمین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو مدارس کی جانچ ہی کرنی ہے تو تمام مدارس اس کیلئے تیار ہیں لیکن اس کیلئے جو دستوری طریقہ ہے وہ اختیار کیا جائے۔