مخالف مسلم پوسٹر مسجد پر چسپاں۔’بابر کی اولادوہندو بن جاؤ‘۔

گونا( ایم پی)۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کی غرض سے شر پسند عناثر نے بی جے پی کی زیر قیادت ریاست مدھیہ پر دیش کے ضلع گنا کی ایک مسجد کے باہر پوسٹرس چسپاں کئے۔ پوسٹرس پر مسلمانوں کو دھمکیوں بھرے الفاظ ہیں اور ساری کمیونٹی کے ساتھ زیادتی بھی کی گئی ہے۔

پوسٹر پر لکھا ہے کہ’’ بابر کی اولادو ہندو بن جاؤیا پاکستان چلے جاؤ‘‘او رمذکورہ پوسٹر منگل کے روز جامعہ مسجد کنٹونمنٹ اسٹیشن علاقے ضلع گونا میں لگایاگیا۔اس پوسٹر میں مسلمانو ں اور اسلام کے خلاف نفرت بھرے پیغام لکھے گئے ہیں۔ اس پوسٹر میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ ’’اگر تم ہندوستان میں رہنا چاہتے ہو تو ہندو بنا جاؤ ورنہ اگلے عید کی تمہارے خون سے منائی جائے گی‘‘۔

یوگی اور مودی زندہ باد کے نعروں کے ساتھ لگائے گئے اس پوسٹرس میں مسلمانو ں کو ہندو مذہب اختیار کرلینے کی دھمکیاں دی گئی ہیں اور کہاگیا کہ اگر ایسا نہیں کیاتو پاکستان یا قبرستان چلے جاؤ۔ پوسٹر میں آر ایس ایس‘ وی ایچ پی ‘ ہندو سینا‘ بجرنگ دل کے نام بھی ہیں۔ مصلیوں نے جب پوسٹر دیکھا‘ علاقے میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔ بعدازاں پولیس میں ایک شکایت بھی درج کرائی گئی۔

واقعہ پر صدر مسلم سوسائٹی شفیق قریشی نے کہاکہ مسلمانوں میں خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے خاطیو ں کے خلاف کڑی کاروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ انہو ں نے مزیدکہاکہ اگر پولیس کاروائی نہیں کرتی ہے تو تمام مسلم سماج احتجاج کرتے ہوئے26اگست کو چیف منسٹر کے مجوزہ دورے کا بائیکاٹ کریگا۔