محمد غوث کانگریس اور راج موہن کے درمیان مقابلہ

پرانا پل ڈیویژن میں آج رائے دہی ، صرف ووٹرس کو آزادی

حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : (سیاست نیوز ) : 2 فروری کو مجلسی قائدین کی قیادت میں پیش آئے پرتشدد واقعات کے بعد الیکشن کمیشن نے پرانے شہر کے پرانا پل ڈیویژن میں آج دوبارہ رائے دہی کا حکم دیا تھا اسی لیے آج دوبارہ رائے دہی ہوگی ۔ محمد غوث سابق کارپوریٹر جو کہ بہار انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد آتشبازی کرنے کے بعد سے قائدین کو کھٹکنے لگے تھے ۔ آج کے انتخاب میں کانگریس کے طاقتور امیدوار ہیں جب کہ ان کا مقابلہ مجلس کے راج موہن سے ہوگا ۔ واضح رہے کہ پرانا پل ڈیویژن میں تلگو دیشم اور ٹی آر ایس دوبارہ رائے دہی کے اعلان کے بعد مقابلہ سے عملاً غائب ہوگئے ہیں ۔ پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے محمد غوث مجلس کے ایک سپاہی کی طرح رہے ہیں اور انہوں نے الزام عائد کیا کہ مجلس اویسی خاندان کی جاگیر نہیں ۔ تاہم موجودہ قیادت مجلس اور پرانے شہر پر صرف اپنے خاندان کی جاگیر بنانے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2 فروری کو پیش آئے واقعات صرف اور صرف ایک ورکر کو ہرانے کے لیے تھے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ مجلسی قیادت گھمنڈ اور تکبر سے مخلص کارکن کو ہرانا چاہتی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے احکامات کے بعد پرانا پل ڈیویژن کے 36 پولنگ اسٹیشنس میں آج 36,413 ووٹرس اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ دریں اثناء کمشنر پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل کی رائے دہی میں ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا کو انتخابی امور سے علحدہ رکھا گیا ہے اور الیکشن کمیشن کی ہدایت پر یہ کارروائی کرتے ہوئے پولیس کے سینئر اعلیٰ عہدیداروں نے جوائنٹ کمشنر پولیس ہیڈکوارٹرس مسٹر شیوپرساد کو پرانے پل ڈیویژن انتخاب کی ذمہ داری سونپی ہے ۔ پرانے پل ڈیویژن میں دوبارہ رائے دہی کے پیش نظر کمشنر پولیس نے آج حسینی علم پولیس اسٹیشن میں پولیس کے سینئر اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا جس میں سیکوریٹی کے انتظامات سے متعلق تمام تفصیلات حاصل کیں۔ اس سلسلے میں مہیندر ریڈی نے بتایا کہ دوبارہ رائے دہی کیلئے پولیس نے وسیع تر بندوست کیا ہے اور پرانا پل ڈیویژن کے انچارج کی حیثیت سے سینئر آئی پی ایس عہدیدار جوائنٹ کمشنر آف پولیس ہیڈکوارٹرس مسٹر کے شیو پرساد کو مقرر کیا گیا جن کی زیرنگرانی تمام مراکز رائے دہی میں دوبارہ رائے دہی منعقد ہوگی۔  انہوں نے بتایا کہ کل انتخابات کے پیش نظر علاقے کے رائے دہندوں کے علاوہ کسی کو علاقہ میں جانے کی اجازت نہیں رہے گی اور متعلقہ امیدواروں اور ان کے پولنگ ایجنٹس علاقے میں پولنگ کا جائزہ لے سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیویژن میں 17 چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک مسٹر وی رنگناتھ کو چیک پوسٹ کا انچارج بنایا گیا ہے جب کہ 36 پولنگ اسٹیشنس میں فی پولنگ اسٹیشن پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس اور انسپکٹر آف پولیس رتبہ کے عہدیدار کو تعینات کیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ رائے دہی کو شفاف بنانے کے لیے پولیس کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریاپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کے 2 یونٹ (200 ریاپڈ ایکشن فورس کا عملہ ) کو متعین کیا گیا ہے ۔ پرانے پل کے رائے دہندے بے خوف ہو کر اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں اور پولیس کا رول غیر جانبدار رہے گا ۔ کمشنر پولیس نے یہ واضح کیا ہے کہ کل ووٹوں کی گنتی کے دوران بھی سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ دونوں شہروں میں فتح ریالیوں پر امتناع عائد کیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ پولیس عہدیدار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ووٹوں کی گنتی اور جمعہ کے پیش نظر پولیس نے ساؤتھ زون اور پرانے شہر کے دیگر حساس علاقوں میں بھی سخت ترین چوکسی اختیار کرلی ہے۔