محمد رفیع کی تضحیک پر کرن جوہر سے معذرت خواہی کا مطالبہ

ممبئی ۔یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) کرن جوہر کی حالیہ ریلیز فلم ’’اے دل ہے مشکل ‘‘ میں اپنے والد اور ممتاز گلوکار محمد رفیع کے بارے میں ایک ڈائیلاگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شاہد رفیع نے فلمساز سے برسرعام معافی مانگنے اور فلم میں سے متنازعہ ڈائیلاگ حذف کردینے کا مطالبہ کیاہے ۔ مذکورہ رومانی اور ڈرامائی فلم میں رنبیر کپور نے اُبھرتے ہوئے گلوکار ایان کا کردار ادا کیا ہے، وہ انشوکا شرما سے کہتے ہیں کہ کئی لوگوں کا خیال ہے کہ ان کی آواز محمد رفیع جیسی ہے ۔ جس پر انوشکا شرما کہتی ہے کہ محمد رفیع ؟ وہ گاتے کم اور روتے زیادہ تھے نہ … شاہد رفیع نے کہاکہ کرن جوہر جیسے فلمساز سے یہ توقع نہیں تھی کہ اس طرح کی تضحیک کرسکتے ہیںجس کی وجہ سے محمد رفیع کی ساکھ کو نقصان پہنچا ۔ گوکہ کرن جوہر ایک باصلاحیت فلمساز ہیں لیکن ان کی اس حرکت پر مجھے شرم آتی ہے ۔ شاہد رفیع نے کہاکہ میرے والد محمد رفیع ہمہ جہت گلوکار تھے ۔ جنھوں نے محبت اور دکھ کے نغمے اور بھجن بھی گائے تھے ۔ لیکن مکالمہ نگار نرنجن اینگر نے محمد رفیع سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے غیرمنطقی ڈائیلاگ فلمبند کئے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کرن جوہر نے اپنی فلم کا جو نام رکھا ہے وہ دراصل 1956 ء میں فلم سی آئی ڈی میں محمد رفیع کے گائے ہوئے گیت ’’اے دل ہے مشکل ۔ جینا یہاں سے ‘‘لیا گیا ہے حتی کہ محمد رفیع نے یش جوہر کی زیرہدایت فلم دوستانہ میں بھی گیت گائے تھے ۔