کانگریس پارٹی کی بس یاترا کے آغاز کے ساتھ ہی سابق کرکٹ کیپٹن کی سیاست میں سرگرمیاں
حیدرآباد ۔ 28 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد اظہر الدین کا حلقہ لوک سبھا ظہیر آباد سے مقابلہ کرنے کا قوی امکان ہے ۔ کانگریس کی بس یاترا کے آغاز کے ساتھ ہی محمد اظہر الدین ریاست کی سیاست میں سرگرم ہوگئے ہیں ۔ واضح رہے کہ کانگریس میں شامل ہونے والے محمد اظہر الدین نے 2009 کے عام انتخابات میں اترپردیش کے حلقہ لوک سبھا مراد آباد سے مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی ۔ 2014 کے عام انتخابات میں انہوں نے اپنا حلقہ تبدیل کرتے ہوئے راجستھان کے حلقہ لوک سبھا ٹونک سے مقابلہ کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوگئے تھے ۔ چند سال تک سیاست سے دوری بنائے رکھنے والے محمد اظہر الدین نے پنجاب اور ویسٹ بنگال کے علاوہ دیگر ریاستوں کے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا ۔ وہ گذشتہ 6 تا 8 ماہ سے تلنگانہ کی سیاست میں اپنی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں جس کا انہوں نے تاریخی چارمینار کے دامن میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے ریاست میں کانگریس پارٹی کے لیے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔ جس کا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے علاوہ کانگریس کے دیگر سرکردہ قائدین نے خیر مقدم کیا تھا ۔ اتم کمار ریڈی نے 26 فروری کو درگاہ یوسفینؒ پر حاضری دیتے ہوئے پرجا چیتنیہ بس یاترا کا آغاز کیا اس موقع پر بھی محمد اظہر الدین موجود تھے ۔ انہوں نے ضلع رنگاریڈی اور ظہیر آباد میں منعقدہ جلسوں میں بھی شرکت کی ۔ کانگریس کے باوثوق ذرائع کے بموجب حلقہ لوک سبھا ظہیر آباد سے 2014 میں شکست سے دوچار کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ سریش شٹکار اس مرتبہ لوک سبھا کے بجائے اپنے اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں اور وہ اپنی ساری توجہ اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ پر مرکوز کرچکے ہیں ۔ حلقہ لوک سبھا ظہیر آباد میں اقلیتوں کے ووٹوں کا تناسب فیصلہ کن ہے جس کی وجہ سے محمد اظہر الدین حلقہ لوک سبھا ظہیر آباد سے مقابلہ کرنے کے معاملے میں سنجیدگی سے غور کررہے ہیں اور کانگریس پارٹی بھی ان کے نام پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ حلقہ لوک سبھا ظہیر آباد میں اسمبلی حلقہ جات کاماریڈی اور یلاریڈی بھی شامل ہیں ۔ کانگریس قیادت کا ماننا ہے کہ سلیبریٹی محمد اظہر الدین کے مقابلہ سے کانگریس پارٹی کیڈر میں ایک نیا جوش و خروش پیدا ہوگا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ محمد اظہر الدین بھی اس مسئلہ پر پارٹی قائدین کے علاوہ اپنے حامیوں سے تبادلہ خیال کررہے ہیں ۔ اگر سب کچھ سازگار ہوگیا تو محمد اظہر الدین اپنے آبائی ریاست تلنگانہ سے سیاست کی نئی اننگز کا آغاز کرسکتے ہیں ۔ بس یاترا کے ذریعہ کانگریس پارٹی نے ریاست میں عملاً انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ جلسوں میں عوام کی بھاری شرکت سے کانگریس قائدین کے حوصلے بلند نظر آرہے ہیں ۔۔