گجویل میں چیف منسٹر کے ہاتھوں ایک لاکھ پودے لگانے کا پروگرام
حیدرآباد۔یکم اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے حلقہ اسمبلی گجویل میں ایک ہی دن ایک لاکھ پودے لگانے کے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے تلنگانہ کے ہریتا ہارم پروگرام کے چوتھے مرحلے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ہم ماحول کی حفاظت کرتے ہیں تو ماحول ہمارا محافظ بن جائیگا۔ اگر ماحول اپنی ناراضگی کا اظہار کرتا ہے تو انسان کی بقاء خطرہ میںپڑ جائے گی۔ بڑے پیمانے پر شجرکاری کرتے ہوئے تلنگانہ میں جنگلات کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے حکومت نے ہریتا ہارم پروگرام کا آغاز کیا۔ لگائے گئے ان پودوں کی نگہداشت کرنے کیلئے گرین بٹالین کی طرز پر خصوصی حکومت عملی تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے ایک پولیس بٹالین کو گرین بٹالین میں تبدیل ہوتے ہوئے جنگلاتی علاقوں کو گود لیتے ہوئے جنگلات کو بحال کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے آج گجویل کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے گجویل کے ساتھ ضلع میڑچل کے ترکا پلی میں 4 مقامات پر ہریتا ہارم پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے۔ گجویل میں آج ایک ہی دن ایک لاکھ 16 ہزار پودے لگانے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا تاہم عوام نے شجرکاری پروگرام پر زبردست ردعمل کا اظہار کیاجس سے گجویل میونسپلٹی کے حدود میں ایک لاکھ 36 ہزار پودے لگائے گئے۔ گجویل کے راستہ میں موجود سنگایا پلی کے جنگلاتی علاقہ میں داخل ہوکر کچھ وقت گزارا ، ان کے ہمراہ موجود ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ کو فاریسٹ دکھاتے ہوئے انہیں بھی اپنے اپنے اسمبلی حلقوں میں اس طرح جنگلات کو فروغ دینے کیلئے کوش کرنے کا مشورہ دیا۔ جنگلات کا تحفظ کرنے والے عہدیداروں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی چیف منسٹر نے ستائش کی۔ جنگلاتی عہدیداروں کی حوصلہ افزائی کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے 5 لاکھ روپئے کا انعام دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ضرورت کے مطابق عملہ اور بجٹ دینے کا فیصلہ کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں جنگلات کو توسیع دینے کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔