جموں 28 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی جو جموں و کشمیر کی پہلی خاتون چیف منسٹر ہونگی امکان ہے کہ 4 اپریل کو اپنے عہدہ کا حلف لینگی ۔ پی ڈی پی کے ذرائع نے بتایا کہ امکان ہے کہ محبوبہ مفتی کی حلف برداری تقریب 4 اپریل کو ہوسکتی ہے بشرطیکہ دہلی کے کچھ سینئر قائدین کی اس دن دستیابی ممکن ہوسکے ۔ محبوبہ مفتی کو یہ اعزاز حاصل ہوگا کہ وہ ملک میں پہلی خاتون مسلم چیف منسٹر ہونگی ۔ انہوں نے ہفتہ کو گورنر مسٹر این این ووہرہ سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی کے 25 ارکان اسمبلی کی تائید سے ریاست میں حکومت تشکیل دینے کا ادعا پیش کیا تھا ۔ 87 رکنی جموں و کشمیر اسمبلی میں پی ڈی پی کے 27 ارکان اسمبلی ہیں۔ ریاست میں 31 مارچ سے قبل حکومت تشکیل نہ دیا جانا اس وقت یقینی دکھائی دیا جب گورنر کی قیادت میں ریاست کی انتظامی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تین ماہ کیلئے علی الحساب رقمی منظوری دی گئی ۔