مجوزہ لوک سبھا الیکشن کے لئے تیسرے مرحلے کی رائے دہی کااعلامیہ جاری ۔

اپریل 23کو ملک کی 115لوک سبھا سیٹوں پر ہوگی رائے دہی۔
نئی دہلی- لوک سبھا کی 115 سیٹوں پر تیسرے مرحلے کے تحت 23 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جمعرات کو جاری کر دیا گیا۔  یہ ان انتخابات کا سب سے بڑا مرحلہ ہے ۔
اس میں 14 ریاستوں کی 115 سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہونی ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کی تمام 26، کیرالہ کی تمام 20 سیٹوں، گوا کی دونوں، دادر اور ناگر حویلی کی ایک اور دمن و دیو کی بھی محض ایک نشست کے لئے انتخابات اسی مرحلے میں ہوں گے ۔
مہاراشٹر اور کرناٹک کی 14، اتر پردیش کی 10، چھتیس گڑھ کی سات، اڈیشہ کی چھ، مغربی بنگال اور بہار کی پانچ اور آسام کی چار لوک سبھا سیٹوں پر بھی امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ تیسرے مرحلے میں ہی ہوگا۔
چھتیس گڑھ اور اڈیشہ اسمبلیوں کی 42 سیٹوں پر بھی تیسرے مرحلے میں ووٹنگ ہونی ہے ۔
نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی آج سے امیدوار کاغذات نامزدگی بھر سکیں گے ۔
کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ چار اپریل ہے ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پانچ اپریل کو ہوگی اور آٹھ اپریل تک نام واپس لئے جا سکیں گے ۔ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی۔