مجرم سیاستدانوں کے خلاف کارروائی

بیوروکریسی اور پولیس سے کام خراب : وزیر اعظم پاکستان عمران خان

اسلام آباد (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاستدانوں میں سے اکثر مجرم ہیں اور اتنے ثبوت موجود ہیں کہ مجرم بچ نہیں سکتے۔ وزیراعظم عمران خان نے بیوروکریسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی سطح پر ہمارے کیلئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں، بیورو کریسی اور پولیس ہمارا کام خراب کررہی ہے، میری حکومت کو گرانے سازشیں ہورہی ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں کسی دباو میں نہیںآوں گا اور آخرتک جاؤں گا، کسی چور، ڈاکو اور مجرم کو نہیں چھوڑوں گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ اپوزیشن حقیقی اپوزیشن نہیں ہے، موجودہ اپوزیشن اپنی جائیدادیں بچانے اکٹھی ہوئی ہے۔ عمران خان نے شہبازشریف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش کر رہے تھے۔ عمران خان نے قرض کے مسئلے پر کہا کہ پچھلی حکومتوں نے قرضہ کو 36 ٹریلین تک پہنچادیا ہے، اگلے دو ماہ میں اگر حکومت پیسے نہ لیتی تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، آئی ایم ایف کا اصل مسئلہ ان کی شرائط ہیں، آئی ایم ایف کے پاس جانا مسئلہ نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی شرائط مسئلہ ہیں، عوام پر پہلے ہی بوجھ ڈال چکے ہیں، مزید نہیں ڈالنا چاہتے، ہم چاہتے ہیں عوام پر کم بوجھ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف آخری امکان ہے، مزید ذرائع سے استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، چین و سعودی عرب سے اچھے پیغام آرہے ہیں، دونوں ممالک سے مالی امداد سے متعلق بات ہو چکی ہے۔ وزیراعظم نے بنی گالہ میں مسجد کا افتتاح کردیا۔ رپورٹس کے مطابق عمران خان نے نئی مسجد کا دورہ کیا اور نماز ادا کی۔وزیراعظم نے مسجد کی تعمیر پر اطمینان کا اظہار کیا، مسجدکی تعمیر رہائشگاہ میں باجماعت نمازکی ادائیگی کے لئے کرائی گئی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا سینیٹر فیصل جاوید ، افتخار درانی ، نعیم الحق اور دیگر رہنمائوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ سعودی و اور چین کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے معاشی صورتحال مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔