متحدہ عرب امارات کو ہندوستان میں سرمایہ کاری سے گہری دلچسپی

نئی دہلی۔3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات نے آج کہا کہ اسے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کے استحکام سے گہری دلچسپی ہے اور وہ میک ان انڈیا، ڈجیٹل انڈیا اور اسمارٹ سٹیز جیسے پروگراموں میں سرمایہ کاری کرنے سے گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النیہان نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور کہا کہ ہندوستان کے ساتھ پارٹنر شپ میں یو اے ای غیرمعمولی دلچسپی رکھتا ہے ۔ انہوں نے نریندر مودی کے گزشتہ ماہ دورہ کے موقع پر کئے گئے معاہدوں پر موثر عمل آوری یقینی بنانے کے عہد کا اظہار کیا ۔ وزیر برائے سرکاری معاشی امور ریم ابراہیم الہاشمی نے آج کہا کہ ہم پختہ عہد کیئے ہوئے ہیں کہ ہندوستان کے مختلف شعبوں میں زیادہ سرمایہ کاری کریں گے۔ مجھے آپ سے تجاویز سننے اور ان پر عمل کرنے سے خاص طور پر میک ان انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا اور اسمارٹ سٹی پروگراموں سے گہری دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کلیدی انسر ہے کیوں کہ اس سے بازار اور مواقع کے علاوہ عوام سے عوام کے روابط میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پختہ عہد کئے ہوئے ہے کہ ہندوستان سے اس کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لیجایاجائیگا۔