سری نگر: وادی کشمیر میں ریاستی پولیس کے مطابق ایک اور نوجوان نے ماں کی پکار پر عسکری گروپ سے ناطہ توڑکر گھر واپسی اختیار کی ہے۔پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے ٹوئیٹر پر کہا کہ ایک اور ماں کی پکار رنگ لائی ۔
تشدد کا راستہ اختیار کرنے والا ایک نوجوان واپس اپنے گھر لوٹ آیا۔
خدا اس کنبہ کا بھلا کرے اور دوسروں کوراستہ دکھائیں۔پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ گھرواپسی اختیار کرنے والے نوجوان کا تعلق جنوبی کشمیرسے ہے۔
انہو ں نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں فیملی اور دوستوں کی دردمندانہ اپیل پر ایک اور نوجوان واپس اپنے گھر لوٹ آیا۔ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں اس اسے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔تاہم انہوں نے اس نوجوان کی مکمل شناخت ظاہر کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
واضح رہے کہ وادی میں جہاں ریاستی پولیس کے مطابق گذشتہ ۴ ماہ کے دوران قریب ۲۰ نو جوانوں نے عسکری گروپوں سے ناطہ توڑ کر گھر واپسی اختیار کی ہیں،وہیں تین ماہ میں ۶ نوجوانوں نے علانیہ عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔