معمول سے دو دن قبل ہی موسلادھار بارش ،خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کو راحت
نئی دہلی ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی مانسون آج کیرالا اور شمال مشرقی حصوں سے ٹکرا گیا۔ معمول سے دو دن قبل ہی مانسون کی آمد کے ساتھ ہی موسلادھار بارش کا آغاز ہوا ہے۔ طوفان مورا کے بنگلہ دیش ساحل سے آج ٹکرا جانے کے بعد مانسون کی پیشگی پیش رفت ہوئی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل آف انڈیا محکمہ موسمیات کے جے رمیش نے کہا کہ مانسون کی آمد کے ساتھ ہی کسانوں کو راحت حاصل ہوئی ہے خاص کر خشک سالی سے متاثرہ ریاستوں ٹاملناڈو، کیرالا اور کرناٹک میں عوام نے خوشی کا اظہار کیا۔ ملک کے کسانوں کا 50 فیصد حصہ اپنی فصلوں کی پیداوار کیلئے مانسون پر انحصار کرتا ہے۔ کیرالا میں مانسون کی آمد کیلئے معمول کی تاریح یکم ؍ جون ہے جو ملک میں سرکاری طور پر مانسون کی شروعات کیلئے جانا جاتا ہے۔ گذشتہ سال مانسون 8 جون کو کیرالا سے ٹکرایا تھا جو اس کی مقررہ تاریخ سے 7 دن کی تاخیر کے بعد مانسون آیا تھا۔ اس سال دو دن قبل ہی مانسون کی آمد ہوئی ہے۔ جنوب مغربی مانسون آج کیرالا سے ٹکرایا گیا جس کے ساتھ ہی یہ شمال مشرقی ریاستوں کے بعض حصوں کی جانب پیشرفت کرنے لگا۔ ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور اروناچل پردیش کے بعض حصوں میں بھی مانسون کی آمد کے ساتھ ہی بارش کا آغاز ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جنوب مغربی مانسون کی مزید پیشرفت کیلئے حالات سازگار نظرآتے ہیں۔ جنوبی بحرعرب کے ماباقی حصوں اور لکشادیپ کے علاوہ کیرالا کے بعض علاقوں میں مانسون سرگرم ہے۔
بحیرہ عرب، ساحل اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں بارش ہورہی ہے۔ آئندہ تین تا چار دن کے دوران مانسون ٹاملناڈو کے چند علاقوں کو ٹکرا جائے گا اور جنوب مغربی حصوں کے علاوہ مغربی وسط اور مشرقی وسط خلیج بنگال میں پیشرفت کرے گا۔ یہ ابتدائی پیش قیاسی ہے۔ محکمہ موسمیات نے قیاس کیا ہیکہ اس سال معمول کے مطابق بارش ہوگی۔ جون کے پہلے ہفتہ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے دوسری پیش قیاسی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان میں مانسون کی آمد بھی ہوگی۔ بنگلہ دیش اور میانمار سے یہ مانسون ہندوستان کی جانب پیشرفت کرے گا۔ سری لنکا میں 30 مئی کو ہی مانسون کی آمد ہورہی ہے۔ یہاں پر بھی شدید بارش کے باعث اب تک 200 جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کیرالہ کے بعد آئندہ 24 گھنٹوں میں مانسون ساحلی کرناٹک، لکش دیپ، شمال مشرقی ریاستوں کے زیادہ تر حصوں اور تمل ناڈو کے کچھ حصوں میں پہنچ سکتا ہے ۔محکمہ کے مطابق جون کے پہلے ہفتے میں مہاراشٹر اور کرناٹک سمیت مغربی کنارے اور جنوبی حصوں میں اچھی بارش کی توقع ہے ۔ محکمہ موسمیات نے مغربی بنگال اور انڈمان نکوبار جزائر کے ماہی گیروں کو سمندر میں ماہی گیری کے لئے نہیں جانے کی وارننگ جاری کی ہے ۔ دو سال خشک سالی کے بعد گزشتہ سال مانسون اچھا رہا تھا جس سے خریف اور ربیع دونوں فصلیں اچھی ہوئی تھیں ۔