الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت، ترقی کیلئے بہتر ٹرانسپورٹ ناگزیر، وزیراعظم مودی کا خطاب
نئی دہلی 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے نقل و حرکت کا ایک روڈ میاپ متعارف کیا جس میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لئے سرمایہ کاری کی ترغیب کے ساتھ سفر کے لئے عوامی ٹرانسپورٹ کے اضافہ پر زور دیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بھیڑ کے سبب ہونے والے معاشی و ماحولیاتی مصارف پر کنٹرول کے لئے ہجوم اور ضرورت سے زیادہ بھیڑ سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہاکہ ہندوستانی معیشت دنیا کی تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشت ہے جس میں 100 اسمارٹ شہروں کے علاوہ بڑے پیمانے پر سڑکیں، ایرپورٹ، ریلوے لائنس اور بندرگاہیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ وزیراعظم نے یہاں گلوبل موبیلیٹی سمٹ ’مو‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صاف ستھری توانائی سے چلائی جانے والی صاف ستھری گاڑیاں ہی ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف لڑنے کا ایک انتہائی طاقتور ہتھیار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’اس کا مطلب یہ ہے کہ آلودگی سے پاک صاف گاڑیوں کے استعمال سے عوام بھی پاک صاف رہتی ہے اور ہمارے عوام کے معیار زندگی میں بہتری ہوتی ہے۔
ہمیں آلودگی سے پاک صاف، سفر و مسافت کے کاز کے لئے جاری جدوجہد کی قیادت کرنا چاہئے‘‘۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ’’ہندوستان میں نقل و حرکت سے متعلق میرا نظریہ انگریزی حرف (سی) سے شروع ہونے والے سات الفاظ مشترکہ مربوط، سہولت بخش، رکاوٹ پیدا کرنے والی بھیڑ سے پاک، توانائی سے آراستہ، صاف ستھری اور انتہائی عصری و اختراعی پیراہن پر مبنی ہے‘‘۔ مودی نے کہاکہ کاروں سے ہٹ کر دیگر گاڑیوں جیسے اسکوٹرس اور آٹو رکشاؤں پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ نقل و حرکت کے ذرائع کو سماج کے تمام طبقات کے لئے انتہائی محفوظ، قابل دسترس اور قابل رسائی بنایا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے نظام ٹرانسپورٹ، نقل و حرکت کو معیشت کا ایک کلیدی ’ڈرائیور‘ قرار دیا اور کہاکہ بہتر نقل و حرکت نہ صرف سفر، نقل و حرکت کا بوجھ کم کرتی ہے بلکہ معیشت کو فروغ بھی دیتی ہے۔ چنانچہ مشترکہ عوامی ٹرانسپورٹ کو نقل و حرکت کی مساعی کا سنگ میل بنایا جانا چاہئے۔ وزیراعظم مودی نے اس چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے مختلف بری عالمی آٹو موبائیل کمپنیوں کے سربراہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت بیٹریوں سے لے کر اسمارٹ چارجنگ اور دیگر مراحل کے علاوہ الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری تک تمام سطحوں پر سرمایہ کاری سے دلچسپی رکھتی ہے۔ حکومت نے قدرتی ایندھن پر انحصار میں کمی کے علاوہ گرین ہاؤز گیسیس کے اخراج پر کنٹرول کی مساعی کے طور پر آئندہ پانچ سال کے دوران فروخت ہونے والی تمام گاڑیوں میں 15 فیصد برقی گاڑیوں کی فروخت کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ ٹرانسپورٹ کے خانگی ذرائع کے مقابلے عوامی ٹرانسپورٹ کو ترجیح حاصل ہوسکے کیوں کہ اس سے ’ٹرانسپورٹ جام‘ جیسی مصیبتوں میں کمی ہوسکے اور مسافرین کو درپیش مسائل کی سطح کو کم کیا جائے۔