لیدر انڈسٹری پر انتہائی منفی اثر

مرکز نے ہمیں موت کا سرٹیفکیٹ دیا ہے ، لیدر ایکسپورٹرس
کولکتہ ۔ /28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ذبیحہ کیلئے جانوروں کے مارکٹ سے مویشیوں کی خرید و فروخت پر مرکز کے امتناع کا چمڑے کی صنعت پر انتہائی منفی اثر مرتب ہوگا ۔ لیدر انڈسٹری ایکسپورٹرس نے اس فیصلہ کو فوری منسوخ یا ترمیم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو انہوں نے سڑکوں پر نکل آنے کی دھمکی دی ۔ کونسل آف لیدر ایکسپورٹس ، ریجنل چیرمین (ایسٹ) رمیش کمار جونیجا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکز نے ہمیں موت کا پروانہ جاری کیا ہے ۔ اس فیصلہ کی وجہ سے لیدر انڈسٹری پر کافی منفی اثر پڑے گا ۔ انہوں نے اس فیصلہ سے قبل ریاستوں اور لیدر انڈسٹری سے مشاورت نہ کرنے پر مرکز کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلہ سے چمڑے کے شعبہ سے وابستہ تقریباً 35 ملین افراد کا روزگار متاثر ہوگا ۔ گزشتہ سال نوٹ بندی کے فیصلہ نے اس صنعت پر کافی منفی اثر ڈالا اور اب حکومت نے مویشیوں کی ذبیحہ کی غرض سے خرید و فروخت پر امتناع عائد کرتے ہوئے اس صنعت کو ختم کردیا ہے ۔