امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف تعصب کی انتہا
واشنگٹن ۔25 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ڈونالڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد امریکہ میں مسلمانوں کے ساتھ تعصب اپنی انتہاء پر پہنچ گیاہے ۔باکسنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ محمدعلی مرحوم کے بیٹے محمد علی جونئیر کو فلوریڈا کے ایئر پورٹ پر حراست میں لئے جانے کی اطلاعات سے مرحوم کے اہل خانہ سمیت لیجنڈ باکسر کے چاہنے والوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد علی جونئیر اپنی والدہ خلیلا علی کے ساتھ جمیکا سے 7فروری کو امریکہ واپس لوٹے تھے۔ اطلاعات کے مطابق باکسر محمد علی کے بیٹے کو فلوریڈا کے ایرپورٹ پر 2 گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا۔ان سے ان کے مسلمان ہونے سے متعلق تعصب پر مبنی سوالات کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ محمد علی جونئیر نے ہوم لینڈ اور محکمہ خزانہ کے خلاف عدالت جانے پرغور شروع کر دیا۔ محمد علی کی بیوہ خلیلا علی بیٹے کو حراست میں لئے جانے سے لا علم ہونے کے سبب پریشان پھرتی رہیں۔