جنیوا ۔ 11اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) لیبیا میں جاری لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد 56 ہوگئی جبکہ 266 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ المناک بات یہ ہے کہ لڑائی کی وجہ سے ہزاروں افراد اپنے مکانات چھوڑ کر چلے گئے ہیں جبکہ ایسے لوگوں کی بھی کثیر تعداد ہے جو لڑائی کے مرکزی علاقہ میں واقع اپنے اپنے مکانات میںمحصور ہوکر رہ گئے ہیں ۔ ہاسپٹلس میں بھی زخمیوں کی قابل لحاظ تعداد کا علاج کیا جارہا ہے ، جن میں سے روزآنہ زخموں کی تاب نہ لاکر کوئی نہ کوئی فوت ہورہا ہے ۔ دریں اثناء عالمی صحت تنظیم نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ لڑائی سے متاثرہ علاقوں میںایمرجنسی ٹیمیںبھیجی گئی ہیں جو خصوصی طور پر ہاسپٹلس کی نگرانی کررہے ہیں کیونکہ لڑائی کی شدت کی وجہ سے ہاسپٹلس کی عمارتوںکو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ تنظیم کے لیبیا میں نمائندے سید جعفر حسین نے انتباہ دیا کہ اگر لڑائی کا سلسلہ یوں ہی جاری رہا اورمہلوکین کی تعداد بڑھتی رہی تو ملک کیلئے موجود اشیائے خوردنی کی محدود مقدار ختم ہوسکتی ہے اور صحت کے مسائل بھی پیدا ہوسکتے ہیں ۔