لڑکی کو جنم دینے پر ساس نے بہو کو کار کا تحفہ دیا

بیٹوں سے زیادہ بیٹیاں ہی بہتر ، موظف انسپکٹر ہیلت ڈپارٹمنٹ کا تاثر
ہمیرپور ( یو پی ) ۔ 5 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : لڑکی کو جنم دینے پر بہو کو باہر کا راستہ دکھانے کے بجائے ساس نے فرط مسرت سے بہو کو نئی ہونڈا سٹی کار تحفہ میں دی ۔ اترپردیش کے ہمیرپور ضلع میں ایک ساس کے اس حیرت انگیز اقدام کی زبردست ستائش کی جارہی ہے ۔ جب ساس کو علم ہوا کہ ان کی بہو نے لڑکی کو جنم دیا ہے تو وہ اپنے جذبات کو قابو میں نہیں کرسکیں ۔ ایک ایسے سماج میں جہاں لڑکیوں کی پیدائش پر طعنے اور تشنے دئیے جاتے ہیں اور بہو کو گھر کے باہر بھی کردیا جاتا ہے ۔ اس ساس نے اپنی بہو کو کار تحفہ میں دے کر ایک تاریخ رقم کی ہے ۔ محکمہ ہیلت کی موظف انسپکٹر پریما دیوی کا خیال ہے کہ ان کی بہو نے لڑکی کو جنم دے کر اچھا کام کیا ہے ۔ کیوں کہ میرا خیال ہے کہ بیٹیاں ، بیٹوں سے زیادہ بہتر ہوتی ہیں ۔ پریما دیوی کے فرزند ضلع ہمیرپور میں ایک سرکاری عہدیدار ہیں ۔ ان کی بہو خوشبو گرہست خاتون ہیں ۔ خوشبو کے بطن سے لڑکی تولد ہوئی تو پریما دیوی نے اپنی پوتری کی پیدائش کا جشن منانے کے لیے مختصر پارٹی کا اہتمام کیا ۔ ہونڈا سٹی کار کو بطور تحفہ بھی دیا ۔ پریما دیوی نے کہا کہ ان کے گھر پوتری کی آمد دیوالی کا تحفہ ہے ۔ اس لیے انہوں نے اپنی بہو کو بھی برانڈ نیو ہونڈا سٹی کار کا تحفہ دیا ہے ۔ اپنی ساس کے جذبہ کو دیکھ کر بہو خوشبو کے چہرہ پر خوشیاں دیکھی گئیں اور فرط مسرت سے آنسو بھی نکل آئے ۔ پریما دیوی نے کہا کہ لڑکیوں کو پیدا ہونے سے قبل ہی مادر رحم میں مار دینا گناہ ہے ۔ اس عمل کو روکنا ضروری ہے ۔ جب بہو کو بیٹیوں کا درجہ دیا جائے تو سب مسائل ختم ہوں گے ۔ بہر حال وہ بھی تو کسی کی بیٹیاں ہوتی ہیں ۔ جیسا بیٹیوں سے محبت کی جاتی ہے اگر بہوؤں کو بھی اتنا ہی پیار دیا جائے تو ہر گھر میں خوشیاں ہوں گی ۔