لندن ۔ 26مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) شمال مغربی لندن کے علاقہ مرسی میں ایک زبردست گیس دھماکے سے کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں ‘ کم از کم 34 افراد زخمی ہوگئے ۔ جن میں سے چند کی حالت نازک ہے ۔ ایک چینی رسٹورنٹ میں جہاں پر 15 افراد موجود تھے اور بچوں کیلئے ایک ڈانس اسٹوڈیو قائم کیا گیا تھا جس میں دھماکہ کے وقت کوئی نہیں تھا اُن عمارتوں میں شامل ہیںجودھماکہ سے تباہ ہوگئیں ۔ مرسی سائیڈ کے قصبہ بوبنگٹن میں یہ چینی رسٹورنٹ تباہ ہوا ۔ بچاؤ کارکنوں کے بموجب دھماکہ ایک بڑا واقعہ تھا ‘ اسے مکمل انہدام بھی کہا جاتا ہے ۔ دھماکہ سے دیواروں کا ملبہ دور دور تک بکھرگیا ‘ چھتیں منہدم ہوگئیں ‘ ملبہ وسیع میدان پھیلا ہوا تھا ۔ مضافات کی کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ۔ چیف آفیسر مرسی سائیڈس فائر اینڈ رسکیو سرویس کے چیف آفیسر ڈان اسٹیفنس نے بتایا کہ پولیس کی بھاری جمعیت اور 10ایمبولنس گاڑیاں فوری دھماکہ کے مقام پر پہنچ گئیں ۔ رکن پارلیمنٹ ورل ساؤتھ ایلیسن میک گوورن جو موقع واردات پر موجود تھے کہاکہ صورتحال سنگین ہے ۔ 600سے زیادہ پاؤنڈ پہلے ہی ڈانس اسکول کی مدد کیلئے بطور عطیہ حاصل ہوچکے ہیں کیونکہ ڈانس اسکول کی عمارت پوری طرح منہدم ہوگئی ہے ۔