قیمتوں میں اضافہ مودی حکومت کو مہنگا پڑے گا

مہنگائی کی آگ میں حکومت خود جل جائے گی ، 2019 ء میں بی جے پی کیلئے انتخابی مہم نہیں چلائیں گے:رام دیو
نئی دہلی ۔ /17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دن بہ دن اضافہ مودی حکومت کو مہنگا پڑے گا ۔ اگر حکومت نے ان قیمتوں میں اضافہ پر قابو نہیں پایا تو اس مہنگائی کی آگ میں مودی سرکار خود جل جائے گی ۔ این ڈی ٹی وی یووا کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے یوگا گرو رام دیو نے حکومت کو انتباہ دیا کہ عوام اس کی غلطیوں کو فراموش نہیں کریں گے ۔ آئندہ انتخابات میں مودی حکومت شکست سے دوچار ہوگی ۔ رام دیو نے یہ بھی کہا کہ وہ 2014 ء کی طرح 2019 ء کے انتخابات میں بی جے پی کیلئے مہم نہیں چلائیں گے ۔ رام دیو نے 2014 ء میں وزیراعظم نریندر مودی کے حق میں سرگر م مہم چلائی تھی ۔ انہوں نے مودی حکومت کی کئی پالیسیوں کی بھی ستائش کی تھی لیکن اب وہ خود محسوس کررہے ہیں کہ مودی حکومت اپنی پالیسیوں کے ذریعہ عوام کیلئے مسائل پیدا کررہی ہے ۔ تاہم انہوں نے مودی حکومت کی بعض پالیسیوں کی بھی ستائش کی ہے ۔ ان میں سے بعض پالیسیوں کو بہتر بنانا ضروری ہے ۔ مودی جی کو چاہئیے کہ وہ اپنی غلطیاں سدھاریں ورنہ ناکامی کی صورت میں عوام انہیں انتخابی ناکامی سے دوچار کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے بشمول مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے ۔ رام دیو نے ایک سوال کو نظرانداز کردیا کہ آیا وہ ہنوز مودی کی پالیسیوں پر ایقان رکھتے ہیں جیسا کہ انہوں نے 2014 ء میں مودی سے دوستی نبھائی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیدھی راہ اختیار کرنے والے شخص ہیں ۔ ان کا جھکاؤ نہ تو دائیں جانب ہے نہ بائیں جانب وہ سیدھے چلنے والے ہیں ۔ رام دیو نے یہ بھی کہا کہ وہ مضبوط ، طاقتور قوم پرست ہیں ۔ 52 سالہ یوگا گرو نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم مودی پر تنقید کرنا عوام کا بنیادی حق ہے ۔ اسی دوران کانگریس نے بھی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ایک سنچری کی طرف پیشرفت کررہا ہے ۔ فی بیارل 130 ڈالر ہونے کے باوجود ہندوستان میں پٹرول کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے ۔