قیدی نمبر 106 کی پہلی رات بے چین گذری

جودھپور ۔ 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چنکارہ (سیاہ ہرن) شکار کیس میں جرم کے مرتکب بالی ووڈ اداکار نے جودھپور سنٹرل جیل کی کوٹھری نمبر 2 میں پہلی رات اضطراب و بے چینی کے ساتھ گذاری جنہیں اسٹار رتبہ کے مطابق کوئی رعایت یا سہولت نہیں دی گئی۔ کھانے کیلئے بھی عام غذا دی گئی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (جیلس) وکرم سنگھ نے کہا کہ قیدی نمبر 106 کو جو اپنی درخواست ضمانت پر سیشنس کورٹ کی طرف سے کل تک فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بعد مزید ایک رات اس جیل میں گذاریں گے انہیں رات دیر گئے دودھ اور کونپلی ولی دال (وال دال) ناشتہ کے لئے دی گئی اور صبح ان کی خواہش پر ہندی اخبارات دیئے گئے۔ درخواست ضمانت کی پیشکشی کیلئے عدالت میں حاضری سے قبل انہوں نے اپنے وکلاء اور باڈی گارڈ شیرا سے ملاقات کی۔ بعدازاں اداکار پریتی زنٹا نے جو سلمان کے ساتھ کئی فلموں میں کام کرچکی ہیں، جیل پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ سلمان گذشتہ روز عدالت میں مجرم قرار دیئے جانے اور پانچ سال کی سزائے قید کے اعلان کے بعد جب جیل پہنچے تھے، ان کا بلڈ پریشر بڑھ گیا تھا لیکن بعد میں معمول کے مطابق ہوگیا تھا۔سلمان خان نے جیل حکام کے رشتہ داروں کو اپنا آٹو گراف بھی دیا۔ جیل کے اندر ان کے کئی مداح پائے گئے۔ جو انہیں دیکھنے کیلئے بے چین تھے۔

 

سلمان خان کی ضمانت پر آج فیصلہ
جودھپور ۔ 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار سلمان خاں کے وکیل صفائی نے کہا ہیکہ سیشن کی ایک عدالت نے ان کی درخواست ضمانت پر اپنا فیصلہ کل تک کیلئے محفوظ کردیا ہے۔ تحت کی ایک عدالت نے اس اداکار کو کالے ہرن کے شکار سے متعلق 1998ء کے ایک مقدمہ میں گذشتہ روز جرم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے پانچ سال کی قید کا اعلان کی تھی ضمانت کیلئے ان کی درخواست پر فیصلہ کل تک محفوظ کئے جانے کے بعد سلمان کو جودھپور سنٹرل جیل میں مزید ایک رات گذارنا ہوگا۔ ضلعی و سیشنس عدالت نے سزاء کی معطلی اور درخواست ضمانت پر آج سماعت کے بعد مقدمہ تو کل تک ملتوی کردیا۔ وکیل صفائی مہیش ہورا نے کہا کہ تحقیقات میں کئی خامیاں ہیں۔ انہوں نے استدلال پیش کیا کہ شکار کے مقدمہ کی کسی بھی تحقیقات میں سلمان کی طرف سے آتشیں اسلحہ کے استعمال کا کوئی ثبوت ہے۔ بورا نے مزید کہا کہ ’’ہم نے بحث میں کہا کہ چشم دید گواہ قابل اعتبار نہیں ہے‘‘۔ مجسٹریٹ رویندر کمار جوشی نے تحت کی عدالت سے اس مقدمے ریکارڈ طلب کیا۔
اس اداکار پر فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں، کی شوٹنگ کے دوران یکم اکٹوبر 1998ء کی شب جودھپور کے قریب موضع کنکالی میں کالے ہرن کو گولی مار کر ہلاک کرنے کا الزام تھا۔