نئی دہلی 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نوٹ بندی کے ایک سال کی تکمیل سے قبل وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہاکہ معیشت میں حد سے زیادہ نقدی کے اپنے مضمرات ہوتے ہیں اور ہندوستان بتدریج ڈیجیٹل لین دین کی طرف بڑھ رہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال 8 نومبر کو پرانی 500 روپئے اور 1000 روپئے کی نوٹوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا جو حکومت کے مطابق کالادھن اور کرپشن سے لڑنے کی کوششوں کا حصہ رہا۔ اس کے بعد سے مرکز ڈیجیٹل ادائیگیوں اور لین دین کو بڑھاوا دیتی آئی ہے جس میں بینکنگ چیانل کا اہم کردار ہے۔ اِس سارے عمل میں ’کم نقدی پر مبنی‘ معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔ جیٹلی نے کہاکہ بعض لوگوں کو یہ حقیقت قبول کرلینے میں عار ہے کہ ڈیجیٹل طریقہ اور بینکنگ کے وسیلوں کے ذریعہ لین دین یقینا تیز تر ترقی پائے گا اور نقدی پر مبنی معاملتوں کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ وزیر فینانس یہاں پنجاب نیشنل بینک ہیڈ آفس کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ نقدی پر حد سے زیادہ انحصار کے منفی اثرات کو بھگتنا پڑے گا بلکہ نقدی کہیں کہیں ’لعنت‘ کی شکل میں اُبھرے گی۔