صرف 11ایوارڈس دینے پر انعام یافتگان تقریب سے غیر حاضر رہنے کا فیصلہ
نئی دہلی ۔ 3مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) 70سے زیادہ انعام یافتگان قومی فلم ایوارڈس کی تقریب سے آج غیر حاضر رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تقریب سے اس لئے غیر حاضر رہیں گے کہ لمحہ آخر اعلان کیا گیا ہے کہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند صرف 11ایوارڈس پیش کریں گے ۔ یہ روایت سے انحراف ہے ۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے بموجب لمحہ آخر اعتراضات پر اظہار حیرت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ راشٹراپتی بھون سے جاری کردہ بیان میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ صدر جمہوریہ تمام ایوارڈتقاریب میں زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹہ تک شرکت کیا کرتے ہیں ۔ یہ پروٹوکول کے مطابق بھی ہے‘ ان کے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے پروٹوکول کی پابندی کی گئی ہے اور کئی ہفتے قبل وزارت اطلاعات و نشریات نے اس کا اعلان کردیا تھا ۔ اس لئے لمحہ آخر اعتراضات کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ پریس سکریٹری برائے صدر اشوک ملک نے یہ بات کہی ۔ تقریب وگیان بھون میں منعقد کی جارہی ہے جس کا اہتمام جاریہ سال دو مرحلوں میں کیا جارہا ہے ۔ پی آئی بی نے اس کا انکشاف کیا ۔ پہلے مرحلے میں مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات سمرتی ایرانی اور وزیر مملکت راجے وردھن سنگھ راتھوڑ کو چار بجے سے انعامات دیئے جائیں گے ۔ دوسرے ہفتہ میں صدر جمہوریہ 5:30بجے ایوارڈس عطا کریں گے ۔ اپنے کھلے مکتوب میں صدر جمہوریہ کے دفتر اور وزرات اطلاعات و نشریات کے دفتر کو فنکاروں نے اطلاع دی ہے کہ وہ کل اس تقریب میں شرکت نہ کرسکیں گے ۔ چیتنیہ پرساد ڈائرکٹر جنرل ڈائرکٹریٹ آف فلم فسٹیول نے کہا کہ ایک بڑے طبقہ کو ایوارڈ صدر جمہوریہ ہند نہیں دیں گے کیونکہ ریاستوں سے جن افراد کو ایوارڈ دیئے جانے والے ہیں وہ اپنے ایوارڈس صدر جمہوریہ کے ہاتھوں حاصل نہیں کرسکیں گے ۔ فنکاروں نے کہا کہ انہیں اس پر انتہائی مایوسی ہوئی ہے اور وہ اعزاز کے بجائے اس کو اپنی توہین سمجھ رہے ہیں ۔ فنکاروں نے کہا کہ اس معاملہ پر کل شام سمرتی ایرانی سے تبادلہ خیال ہوا تھا اور انہوں نے جواب دینے کا تیقن دیا ہے ۔