’’ قرآن کی تلاوت سے ذہنی سکون ملتا ہے‘‘۔ ٹی آر ایس رکن اسمبلی ریکھا شام

حیدرآباد:ضلع عادل آبادکے خانہ پور اسمبلی حلقہ کی رکن اسمبلی اجمیرہ ریکھا شام نائیک نے اپنے گھر میں تلاوت قرآن شریف کی محفل سجائی۔ محفل قرآن خوانی کی شروعات سارہ خان کی قرآت کلا م پاک سے ہوئی ۔

ریکھا نائیک نے بھی بڑے ادب واحترام کے ساتھ قرآنی آیتوں کی تلاوت کی ۔ بڑی تعداد میں خواتین او رلڑکیوں نے اس تقریب میں شرکت کی ۔بعدازاں میڈیا والوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ساری دنیا کے لئے قرآن شریف راہ ہدایت ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں بھی قرآن شریف کی تلاوت کرتی ہوں۔

انہوں نے جذباتی انداز میں کہاکہ جب کبھی میں کسی مسلم لڑکی کو قرآن کی تلاوت کرتے ہوئے دیکھتی ہوں تو مجھے مسرت ہوتی ہے۔

انہوں نے یہاں اس بات کا بھی تذکر ہ کیا کہ وہ طالب علمی کے دور سے ہی قرآن کی تلاوت کرتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے دوست احباب کے پاس جہاں بھی ’’ آیت کریمہ ‘‘ کا انعقاد عمل میں آتا ہے اس میں وہ ضرور حصہ لیتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جب کبھی وہ قرآن کی تلاوت سماعت کرتی ہیں تو انہیں ذہنی سکون ملتا ہے۔

جنرل سکریٹری خانہ پور نصیر احمد‘ محمد عرفان الدین رضوی اور دیگر کی مدد سے محفل قرآن خوانی کا انعقاد عمل میں لایاگیا ۔