برس اقتدار جماعت کسی بھی وقت عوام سے رجوع ہونے تیار ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کا دعوی
حیدرآباد 31 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) برسر اقتدار ٹی آر ایس نے آج کہا ہے کہ پارٹی میں قبل از وقت انتخابات کے تعلق سے تبادلہ خیال ضرور ہوا ہے لیکن کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی راما راٰ نے یہ بات کہی اور کہا کہ ان کی پارٹی انتخابات میں کسی سے مفاہمت نہیں کرے گی ۔ کے ٹی آر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں کئی امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ قبل از وقت انتخابات کے تعلق سے بھی بات چیت ہوئی ہے لیکن جیسا کہ وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ اس تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ جب کبھی اس تعلق سے فیصلہ ہوگا اس کا اعلان کردیا جائیگا۔ شیڈول کے مطابق تلنگانہ میں اپریل 2019 میں انتخابات ہونے ہیں۔ تاہم یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ ٹی آر ایس حکومت ریاست میں قبل از وقت انتخابات کروانا چاہتی ہے کیونکہ اسے امید ہے کہ فی الحال ریاست میں حالات اس کے حق میں سازگار ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس کسی بھی وقت انتخابات کا سامنا کرنے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کہیں بھی حکومتیں قبل از وقت انتخابات سے گریز کرتی ہیں لیکن تلنگانہ میں صورتحال مختلف ہے ۔ یہاں ٹی آر ایس انتخابات کا سامنا کرنے تیار ہے لیکن اپوزیشن اس کے جلد انعقاد پر سوال کر رہی ہے ۔ انہوںنے مرکزی حکومت پر تنقید کی کہ اس نے تنظیم جدید آندھرا پردیش قانون کے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے اور اس سے تلنگانہ کو مایوسی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2 ستمبر کا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ عام ثابت ہوگا ۔